خیبر ٹوبیکو کمپنی کو ایف پی سی سی آئی گولڈ ایوارڈ سے نوازا گیا

اتوار 17 اگست 2025 21:20

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اگست2025ء) خیبر ٹوبیکو کمپنی لمیٹڈ (کے ٹی سی) مردان، خیبر پختونخوا کی ایک نمایاں کمپنی ہے جسے ایف پی سی سی آئی کی 12 ویں اچیومنٹ ایوارڈز تقریب میں زرعی مصنوعات و تحقیق (برلے ٹوبیکو کراپ پروڈکشن) کے شعبے میں گولڈ کیٹیگری ایوارڈ سے نوازا گیا۔ یہ اعزاز گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے کے ٹی سی کی چیف ایگزیکٹو آفیسر سمیرا عرفان شیخ کو گورنر ہاؤس میں پیش کیا۔

یہ کامیابی نہ صرف پاکستان میں تمباکو کی برآمدات میں 158.31 فیصد اضافے کے پس منظر میں حاصل ہوئی بلکہ عالمی تمباکو صنعت میں پہلی خاتون سی ای او کے طور پر سمیرا عرفان شیخ کی قیادت میں ایک تاریخی سنگ میل بھی قرار دی گئی۔ کمپنی نے مالی سال 2024-25 کے دوران تقریباً 9 ارب روپے کے ٹیکسز ادا کیے جبکہ مجموعی طور پر تمباکو انڈسٹری کے ٹیکس وصولیوں کا حجم جون 2025 تک 285 ارب روپے سے تجاوز کرنے کا امکان ہے۔

(جاری ہے)

سمیرا عرفان شیخ نے ایوارڈ وصول کرتے ہوئے کہا کہ یہ اعزاز دراصل کے ٹی سی کے کاشتکاروں، تحقیقی ٹیموں اور کمپنی کے پائیدار ترقی کے عزم کا اعتراف ہے۔ ان کی قیادت میں کے ٹی سی نہ صرف پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں ایک نمایاں مقام حاصل کر چکی ہے بلکہ خواتین کی بااختیاری کے لیے بھی ایک مثال قائم کی ہے۔ انہوں نے مزید کہا ہے کہ کے ٹی سی، جو ایک پبلک لمیٹڈ اور ورٹیکلی انٹیگریٹڈ ادارہ ہے، سگریٹ سازی اور برلے لیف پروڈکشن پر مرکوز رہتے ہوئے معیار، جدت اور خیبر پختونخوا کی سماجی و معاشی ترقی کو بھی فروغ دے رہا ہے۔ ایف پی سی سی آئی گولڈ ایوارڈ اس بات کا ثبوت ہے کہ کمپنی زرعی تحقیق، زرمبادلہ میں اضافہ اور شمولیتی کارپوریٹ قیادت کے فروغ میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔