بہاولپور میں نوجوان نے مدرسہ سے پڑھ کر جانے والی 11 سالہ بچی کا ریپ کردیا

پولیس نے بچی کے والد کی مدعیت میں ملزم کے خلاف مقدمہ درج کرتے ہوئے گرفتاری کے لیے کارروائی کا آغاز کردیا

Sajid Ali ساجد علی پیر 18 اگست 2025 11:34

بہاولپور میں نوجوان نے مدرسہ سے پڑھ کر جانے والی 11 سالہ بچی کا ریپ کردیا
بہاولپور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 18 اگست 2025ء ) صوبہ پنجاب کے شہر بہاولپور میں نوجوان نے مدرسہ سے پڑھ کر جانے والی 11 سالہ بچی کا ریپ کردیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق بہاولپور میں 11 سالہ بچی کو مبینہ زیادتی کا نشانہ بنانے کے الزام میں ایک نوجوان کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا، ترجمان ڈسٹرکٹ پولیس نے بتایا کہ تھانہ بغداد الجدید کے علاقے میں 11 سالہ بچی مدرسے سے پڑھ کر گھر واپس جا رہی تھی کہ جسے راستے میں ملزم نے قریبی کھیتوں میں لے جا کر زیادتی کا نشانہ بنا دیا، جس کے بعد ملزم موقع سے فرار ہوگیا جبکہ زیادتی کا شکار ہونے والی بچی بہاول وکٹوریہ ہسپتال میں زیر علاج ہے، پولیس نے بچی کے والد کی مدعیت میں ملزم کے خلاف مقدمہ درج کرلیا اور ملزم کی گرفتاری کے لیے کارروائی کا آغاز کردیا۔

(جاری ہے)

دوسری طرف راولپنڈی میں پیرودھائی پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے 14 سالہ لڑکی سے زیادتی کرنے والے ملزم کو گرفتار کر لیا، ترجمان راولپنڈی پولیس نے بتایا کہ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی ٹیم نے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لاتے ہوئے ملزم کو حراست میں لے لیا، متاثرہ لڑکی کا میڈیکل معائنہ مکمل کر لیا گیا ہے تاکہ شواہد کو قانونی طور پر محفوظ بنایا جا سکے۔

پولیس حکام نے بتایا کہ ملزم کے خلاف ٹھوس شواہد اکٹھے کر لیے گئے ہیں اور اسے باقاعدہ چالان تیار کر کے عدالت میں پیش کیا جائے گا، خواتین اور بچوں کے ساتھ زیادتی یا تشدد کے واقعات کسی صورت برداشت نہیں کیے جائیں گے، ایسے جرائم میں ملوث عناصر کو قانون کے مطابق سخت سے سخت سزا دلوانے کے لیے ہر ممکن اقدام اٹھایا جائے گا تاکہ معاشرے میں خواتین اور بچوں کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔