وزارت قومی صحت این ڈی ایم اےاور صوبائی حکومتوں کے ساتھ قریبی رابطے میں کام کر رہی ہے، وفاقی وزیر مصطفیٰ کمال

منگل 19 اگست 2025 19:57

وزارت قومی صحت این ڈی ایم اےاور صوبائی حکومتوں کے ساتھ قریبی رابطے ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اگست2025ء) وفاقی وزیر برائے صحت مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ وزارت قومی صحت نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) اور صوبائی حکومتوں کے ساتھ قریبی رابطے میں کام کر رہی ہے تاکہ ملک بھر کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں بلاتعطل طبی امداد کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ وزارت نے کسی رسمی درخواست کا انتظار کئے بغیر ریلیف آپریشنز کا آغاز کیا اور صوبائی حکومتوں کی جانب سے موصول ہونے والی تمام طبی ضروریات کو فوری طور پر پورا کیا گیا۔

انہوں نے زور دیتے ہوئے کہا کہ ہم نے متاثرہ علاقوں کو درکار تمام ادویات 100 فیصد فراہم کیں اور طبی سازوسامان بروقت روانہ کیا۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر نے بتایا کہ ضلع شانگلہ سے موصول ہونے والی درخواست پر پاکستان انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (پمز) کے 12 اور پولی کلینک ہسپتال کے 8 ڈاکٹروں پر مشتمل 18 رکنی میڈیکل ٹیم فوری طور پر روانہ کی گئی تاکہ بے گھر متاثرین کو موقع پر طبی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔

انہوں نے مزید بتایا کہ ادویات کے ساتھ ساتھ بڑی تعداد میں مچھر دانیاں بھی متاثرہ علاقوں میں بھجوائی گئی ہیں تاکہ وبائی امراض خصوصاً مچھر سے پھیلنے والی بیماریوں سے بچائو ممکن بنایا جا سکے، احتیاطی تدابیر علاج کے برابر اہم ہیں اور ہم دونوں پہلوئوں پر کام کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی وزارت صحت خیبر پختونخوا کو 3,410 اور گلگت بلتستان کو 350 کلوگرام ادویات فراہم کر چکی ہے، اس کے علاوہ سیلابی پانی سے پیدا ہونے والی بیماریوں کے تدارک کے لیے ویکسین بھی فراہم کی گئی ہیں۔

مصطفیٰ کمال نے کہا کہ تمام وفاقی ادارے ہائی الرٹ ہیں اور سخت مانیٹرنگ میکانزم کے تحت کام کر رہے ہیں، ہماری ٹیمیں چوبیس گھنٹے سرگرم عمل ہیں اور پورا نظام مسلسل نگرانی میں ہے تاکہ کسی بھی ابھرتی ہوئی طبی ضرورت کا فوری جواب دیا جا سکے، متاثرہ شہری ہمارے بھائی ہیں اور ہم ہر قدم پر ان کے ساتھ کھڑے ہیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ نیشنل انسٹیٹیوٹ آف ہیلتھ (این آئی ایچ) میں ایک کمانڈ اینڈ کنٹرول روم قائم کر دیا گیا ہے جو صورتحال کی 24/7 نگرانی کر رہا ہے، یہ تمام اقدامات وزیراعظم محمدشہباز شریف کی قیادت اور ہدایات کے تحت کئے جا رہے ہیں۔

وفاقی وزیر صحت نے قوم کے لیے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ جلد اس آفت سے نجات عطا فرمائے، اللہ رب العزت سے دعا ہے کہ ہمارے عوام کو اس آزمائش سے جلد نجات عطا فرمائے اور ملک کو ہر طرح کی آفات سے محفوظ رکھے۔