ضلع مہمند میں گزشتہ دنوں حادثے کا شکارہونے والے ہیلی کاپٹر کا بلیک باکس مل گیا

پولیس نے بلیک باکس متعلقہ حکام کے حوالہ کر دیا۔بلیک باکس کا ڈیٹا حادثہ کی وجوہات جاننے میں اہم کردار ادا کرے گا

پیر 18 اگست 2025 12:18

مہمند (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 اگست2025ء)خیبرپختونخوا کے ضلع مہمند میں گزشتہ دنوں حادثے کا شکارہونے والے ہیلی کاپٹر کا بلیک باکس مل گیا۔مہمند میں سرکاری ہیلی کاپٹر حادثے کی تحقیقات میں اہم پیش رفت سامنے آگئی۔ہیلی کاپٹر سے لاپتہ ہونے والا بلیک باکس مل گیا ہے۔سرکاری حکام کے مطابق بلیک باکس جائے حادثہ سے تقریباً 100 میٹر کے فاصلہ پر پڑا تھا، پولیس نے بلیک باکس متعلقہ حکام کے حوالہ کر دیا۔

بلیک باکس کا ڈیٹا حادثہ کی وجوہات جاننے میں اہم کردار ادا کرے گا۔

(جاری ہے)

سرکاری حکام کے مطابق بلیک باکس سے پائلٹس کی گفتگو سمیت دیگر اہم معلومات حاصل کی جائیں گی۔ ہنگامی حالات میں ہیلی کاپٹر میں سائرن بجے کہ نہیں یہ بھی تفصیل بلیک باکس سے لی جائے گی۔دوسری جانب حادثے کا شکارہونے والے ہیلی کاپٹرکا سامان بھی چوری ہوگیا۔پولیس کے مطابق ہیلی کاپٹر کا سامان چوری کرنے والے 2 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا، ملزمان نے جائے حادثہ سے ہیلی کاپٹرکے ملبے سے سامان چوری کیا تھا۔

خیال رہے کہ جمعہ کو باجوڑ میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیوں کے لیے جانے والا خیبرپختونخوا حکومت کا ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہو گیا تھا جس کے نتیجے میں 2 پائلٹس سمیت عملے کے 5 افراد شہید ہوئے تھے۔