Live Updates

نوجوان کا جیل اہلکار کو پیسے دے کر عمران خان کو دیکھنے کا دعویٰ

گرفتاری کے بعد اڈیالہ جیل منتقل کیا گیا تو اہلکاروں سے عمران خان کو دیکھنے کی خواہش کا اظہار کیا، اہلکار نے کہا اس کے لیے 20 ہزار روپے درکار ہوں گے؛ نوجوان کی ویڈیو وائرل

Sajid Ali ساجد علی پیر 18 اگست 2025 13:17

نوجوان کا جیل اہلکار کو پیسے دے کر عمران خان کو دیکھنے کا دعویٰ
راولپنڈی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 18 اگست 2025ء ) نوجوان کا جیل اہلکار کو پیسے دے کر عمران خان کو دیکھنے کا دعویٰ سوشل میڈیا پر وائرل ہوگیا۔ تفصیلات کے مطابق ان دنوں سوشل میڈیا پر ایک نوجوان کی ویڈیو تیزی سے وائرل ہو رہی ہے جس میں اس کی جانب سے یہ دعویٰ کیا جارہا ہے کہ اس نے راولپنڈی کی اڈیالہ جیل میں تعینات اہلکار کو 10 ہزار روپے رشوت دے کر جیل میں سابق وزیراعظم اور بانی چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کو دیکھا۔

سوشل میڈیا پر زیر گردش ویڈیو میں نظر آنے والے نوجوان کو یہ کہتے ہوئے سنا جاسکتا ہے کہ 26 نومبر کے کیس میں اس کو گرفتار کرنے کے بعد اڈیالہ جیل منتقل کیا گیا تھا جہاں پر گفتگو کے دوران اس نے اہلکاروں سے عمران خان کو دیکھنے کی خواہش کا اظہار کیا تو اس پر نوجوان کا دعویٰ ہے کہ مبینہ طور پر جیل اہلکار نے کہا کہ اس کے لیے 20 ہزار روپے درکار ہوں گے۔

(جاری ہے)

ویڈیو میں نوجوان نے اپنی بات جاری رکھتے ہوئے بتایا کہ اس کے پاس 10 ہزار روپے کی پرچی موجود تھی جو اس نے اہلکار کو دے دی، جس پر اہلکار اسے ہسپتال کے بہانے ایک طرف لے گیا اور دور سے عمران خان کا کمرہ دکھایا جہاں وہ مبینہ طور پر جائے نماز پر بیٹھے قرآن پاک کی تلاوت کر رہے تھے۔
یہاں قابل ذکر بات یہ ہے کہ ایک طرف جہاں نوجوان کے اس دعوے نے نئی بحث چھیڑدی ہے وہیں اس کے دعوے سے متعلق آزادانہ طور پر بھی تصدیق نہیں ہوسکی، سوشل میڈیا پر زیر گردش اس ویڈیو سے یہ بھی واضح نہیں ہے کہ یہ ویڈیو کب بنائی گئی؟ اس کے علاوہ ملاقات کا دعویٰ کرنے والے شخص کے بارے میں بھی فی الحال کچھ معلوم نہیں ہوسکا کہ وہ کون ہے؟ کس کیس میں جیل میں قید رہا؟ اور کیا واقعی وہ جیل گیا بھی ہے یا نہیں؟ کیوں کہ جیل حکام کی جانب سے بھی اب تک اس حوالے سے کوئی باضابطہ بیان سامنے نہیں آیا۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات