طیارے کے لینڈنگ گیئر میں چُھپ کر دہلی پہنچ کر 13 سالہ افغان لڑکے نے حکام کی دوڑیں لگوادیں

افغان لڑکے نے کابل سے نئی دہلی آنے والی پرواز کے لینڈنگ گیئر کے کمپارٹمنٹ میں چھپ کر سفر کیا، جس کے لیے پہلے وہ کابل ایئرپورٹ کے ممنوعہ علاقے میں داخل ہونے میں کامیاب ہوا

Sajid Ali ساجد علی منگل 23 ستمبر 2025 11:37

طیارے کے لینڈنگ گیئر میں چُھپ کر دہلی پہنچ کر 13 سالہ افغان لڑکے نے حکام ..
نئی دہلی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 23 ستمبر2025ء ) افغانستان سے بھارت جانے والے طیارے کے لینڈنگ گیئر میں چُھپ کر دہلی پہنچ کر 13 سالہ افغان لڑکے نے حکام کی دوڑیں لگوادیں۔ بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق افغانستان سے تعلق رکھنے والا 13 سالہ لڑکا طیارے کے لینڈنگ گیئر میں چھپ کر بھارتی دارالحکومت نئی دہلی پہنچا، اس مقصد کے لیے افغان لڑکے نے کابل سے نئی دہلی آنے والی پرواز کے لینڈنگ گیئر کے کمپارٹمنٹ میں چھپ کر سفر کیا، جس کے لیے پہلے یہ لڑکا کابل ایئرپورٹ کے ممنوعہ علاقے میں داخل ہوا، جس کے بعد افغان ائیرلاین کی پرواز آر کیو 4401 کے پچھلے مرکزی لینڈنگ گیئر کمپارٹمنٹ میں چھپ گیا۔

بتایا گیا ہے کہ یہ پرواز تقریباً دو گھنٹے کے سفر کے بعد صبح 11 بجے نئی دہلی پہنچی تو طیارے کے عملے نے لڑکے کو لینڈنگ کے بعد ہوائی جہاز کے قریب گھومتے ہوئے دیکھا، جس پر ایئرپورٹ سکیورٹی کو فوری طور پر اطلاع دی گئی، جسے ایئرلائن کے عملے نے تحویل میں لیا اور سینٹرل انڈسٹریل سیکیورٹی فورس (CISF) کے حوالے کر دیا، جس کے بعد اُسے پوچھ گچھ کے لیے ٹرمینل 3 لے جایا گیا۔

(جاری ہے)

معلوم ہوا ہے کہ یہ لڑکا شمالی افغانستان کے شہر قندوز کا رہائشی ہے، ابتدائی تفتیش کے دوران لڑکے نے دعویٰ کیا کہ اس نے محض تجسس کے باعث یہ سفر کیا اسے اس اقدام کے نتائج کا مکمل ادراک نہیں تھا، جب کہ افغان ایئرلائن کی سکیورٹی ٹیم نے طیارے کے لینڈنگ گیئر کمپارٹمنٹ کا مکمل معائنہ کیا، جس دوران ایک چھوٹا سا سرخ سپیکر ملا، تخریبی کارروائیوں کے خدشات کو مدنظر رکھتے ہوئے مکمل جانچ کے بعد طیارے کو محفوظ قرار دیا گیا، بعد ازاں حکام نے تصدیق کی کہ لڑکے کو اسی طیارے کے ذریعے واپس افغانستان بھیج دیا گیا۔