معرکہ حق کنگ آف رنگ کک باکسنگ اور پاکستان پروفیشنل باکسنگ فائٹ نائٹ کے انٹرنیشنل مقابلوں میں پاکستانی فائٹرز کی شاندار کارکردگی ،دونوں بیلٹ ٹائٹلز اپنے نام کر لیے

پیر 18 اگست 2025 17:05

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اگست2025ء) جشن آزادی کی مناسبت سے راولپنڈی میں منعقدہ معرکہ حق کنگ آف رنگ کک باکسنگ اور پاکستان پروفیشنل باکسنگ فائٹ نائٹ کے انٹرنیشنل مقابلوں میں پاکستانی فائٹرز نے افغانستان کے خلاف شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے دونوں بیلٹ ٹائٹلز اپنے نام کر لیے۔ یہ ایونٹ ڈسٹرکٹ سپورٹس ڈیپارٹمنٹ راولپنڈی کے زیر اہتمام 16 اور 17 اگست کو شہباز شریف سپورٹس کمپلیکس میں منعقد ہوا جس میں مجموعی طور پر 18 کک باکسنگ فائٹس اور 4 پروفیشنل باکسنگ فائٹس کا انعقاد کیا گیا۔

ان میں دو انٹرنیشنل بیلٹ ٹائٹل فائٹس بھی شامل تھیں جن میں پاکستان نے کامیابی حاصل کی۔ پاکستان اور افغانستان کے درمیان کنگ آف رنگ کک باکسنگ فائٹ میں پاکستان کی بشریٰ اختر نے افغانستان کی منیرہ بختیاری کو دوسرے راؤنڈ میں ناک آؤٹ کرتے ہوئے ٹائٹل اپنے نام کیا۔

(جاری ہے)

اسی طرح پروفیشنل باکسنگ فائٹ میں پاکستان کے اسامہ ساجد ملک نے افغانستان کے اسداللہ کو تیسرے راؤنڈ میں ناک آؤٹ کر کے بیلٹ ٹائٹل جیت لیا۔

اختتامی تقریب کی مہمان خصوصی چیئرپرسن ویمن ونگ مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر سحرش قمر ملک تھیں جنہوں نے کامیاب فائٹرز کو میڈلز اور آفیشلز کو شیلڈز سے نوازا۔ اس موقع پر ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر شمس توحید عباسی، آرگنائزنگ سیکرٹری مدثر بشیر اور ملک محمد ساجد اعوان بھی موجود تھے۔ سحرش قمر ملک نے ایونٹ کے کامیاب انعقاد پر ڈسٹرکٹ سپورٹس ڈیپارٹمنٹ کو مبارکباد پیش کی اور معرکہ حق کے شہداکو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ملک کی خاطر جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے ہمیشہ قوم کے ہیرو رہیں گے۔