مسیحی قوم سانحہ جڑانوالہ کے زخموں سے باہر نہیں نکل سکی،یعقوب شریف گل

معصوم بچوں، عورتوں اور بزرگوں کی چیخیں آج بھی انصاف کی طلب گار ہیں، سلیم خورشید کھوکھر، شہزاد بشیر بھٹی

پیر 18 اگست 2025 22:17

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 اگست2025ء)سانحہ سرگودھا اور جڑانوالہ کی تلخ یادوں کو تازہ کرتے ہوئے منارٹیز الائنس پاکستان کے بانی و چیئرمین یعقوب شریف گل کی زیر صدارت ایک یادگاری تقریب عیسیٰ نگری میں منعقد ہوئی۔ اس تقریب کی میزبانی پاسٹر میکا لارنس نے کی جبکہ شرکاء نے سانحہ جڑانوالہ میں ظلم و بربریت کا نشانہ بننے والے مسیحی بھائیوں اور بہنوں کی یاد میں شمعیں روشن کیں۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بانی و چیئرمین یعقوب شریف گل نے کہا کہ مسیحی قوم اب تک سانحہ جڑانوالہ کے زخموں سے باہر نہیں نکل سکی۔ اس سانحے میں معصوم بچوں، عورتوں اور بزرگوں کی چیخیں آج بھی انصاف کی طلب گار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پوری مسیحی کمیونٹی عدل و انصاف کی منتظر ہے لیکن بدقسمتی سے آج بھی انصاف خواب ہی محسوس ہوتا ہے۔

(جاری ہے)

یعقوب شریف گل نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ان کی جماعت ہمیشہ مظلوم مسیحیوں اور دیگر اقلیتی برادریوں کے ساتھ کھڑی رہے گی اور انصاف کے لیے ہر فورم پر آواز بلند کرے گی۔

تقریب میں شریک پًیٹرن اِن چیف سلیم خورشید کھوکھر نے کہا کہ سانحہ جڑانوالہ اور سانحہ سرگودھا نہ صرف اقلیتوں کے زخموں کو تازہ کرتے ہیں بلکہ ریاستی اداروں کی ذمہ داریوں پر بھی سوالیہ نشان ہیں۔ مرکزی رہنما شہزاد بشیر بھٹی نے کہا کہ منارٹیز الائنس پاکستان ہر حال میں اپنے لوگوں کے ساتھ کھڑا رہے گا اور جدوجہد جاری رکھے گا۔اس موقع پر چیف آرگنائزر ریاست شاہد بھٹی، سینیئر وائس چیئرمین آصف نذیر، پاسٹر اسحاق گل، اقبال خُورشید، منور رحمت، ارم افشاں، صبا حاجرا، نسرین گل، ڈاکٹر لیاقت منور، پرویز حبیب سمیت بڑی تعداد میں مسیحی قیادت، سماجی شخصیات اور مختلف سیاسی و مذہبی جماعتوں کے رہنما شریک ہوئے۔

شرکاء نے اپنے پیغام میں کہا کہ سانحہ جڑانوالہ اور سانحہ سرگودھا محض واقعات نہیں بلکہ یہ تاریخ کے وہ سیاہ ابواب ہیں جو ریاستی اور سماجی سطح پر انصاف کے تقاضوں کی کمی کو ظاہر کرتے ہیں۔ اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے عملی اقدامات وقت کی اہم ضرورت ہیں۔