ڈپٹی کمشنر کوئٹہ کیپٹن (ر) مہراللہ بادینی کی زیر صدارت انسداد پولیو مہم کے حوالے سے ڈسٹرکٹ پولیو ایریڈیکیشن کمیٹی کے اجلاس کا انعقاد

پیر 18 اگست 2025 20:40

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اگست2025ء) ڈپٹی کمشنر کوئٹہ کیپٹن (ر) مہراللہ بادینی کی زیر صدارت انسداد پولیو مہم کے حوالے سے ڈسٹرکٹ پولیو ایریڈیکیشن کمیٹی (ڈی پیک) کا اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں یکم ستمبر 2025ء سے شروع ہونے والی انسداد پولیو مہم کے انتظامات اور دیگر امور کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔اجلاس کو بتایا گیا کہ اس پولیو مہم کے دوران کوئٹہ میں تقریباً 4 لاکھ 65 ہزار بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے،اس مقصد کے لیے 1818 ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں جن میں 3636 اہلکاران اپنی ڈیوٹی سرانجام دیں گے۔

مہم کے دوران سکیورٹی کا فول پروف پلان بھی مرتب کر لیا گیا ہے تاکہ عملے اور والدین کو محفوظ ماحول فراہم کیا جا سکے۔ڈپٹی کمشنر کوئٹہ مہراللہ بادینی نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے والدین، علما کرام اور کمیونٹی کی دیگر اکائیوں سے اپیل کی کہ وہ بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے میں محکمہ صحت کی ٹیموں کے ساتھ بھرپور تعاون کریں تاکہ اس موذی مرض سے بچوں کو محفوظ بنایا جا سکے۔

(جاری ہے)

انہوں نے ڈیوٹی پر مامور اہلکاران کو ہدایت کی کہ وہ خلوصِ نیت، محنت اور لگن کے ساتھ اپنی ذمہ داریاں ادا کریں تاکہ پولیو کے خاتمے کا قومی مقصد حاصل کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ پولیو کا خاتمہ قومی ذمہ داری ہے ،اس میں کسی قسم کی کوتاہی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔

متعلقہ عنوان :