حالیہ سیلاب کے دوران 657 افراد جاں بحق اور 929 زخمی ہوئے، پاک فوج سمیت دیگر ادارے امدادی سرگرمیوں میں مربوط طریقہ سے حصہ لے رہے ہیں، ڈاکٹر طارق فضل چوہدری

پیر 18 اگست 2025 21:50

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اگست2025ء) وفاقی وزیر پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا ہے کہ حالیہ سیلاب کے دوران 657 افراد جاں بحق ، 929 زخمی اور2462 گھر تباہ ہوئے ہیں، کئی گائوں صفحہ ہستی سے مٹ گئے، ایک ہزار مویشی متاثر ہوئے ہیں، حالیہ سیلاب کے دوران پاک فوج سمیت دیگر ادارے امدادی سرگرمیوں میں مربوط طریقہ سے حصہ لے رہے ہیں۔

پیر کو ایوان بالا کے اجلاس میں سینیٹر محسن عزیز کی حالیہ سیلاب کے دوران این ڈی ایم اے کی کارکردگی پر تحریک پر بحث کو سمیٹتے ہوئے وزیر پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا کہ ایوان بالا میں اراکین کی آواز متعلقہ اداروں اور حکام تک پہنچتی ہے اور حکومت اسے سنجیدگی سے لیتی ہے، وفاقی حکومت سیلاب کے قومی المیہ پر سنجیدگی کا مظاہرہ کر رہی ہے، اس پر کوئی سیاسی بیان بازی نہیں ہو رہی، خیبرپختونخوا کے وزیراعلیٰ کہہ رہے ہیں کہ ان کے پاس وافر وسائل ہیں، وزیراعظم کی قیادت میں این ڈی ایم اے سیلاب متاثرہ علاقوں میں بچائو اور بحالی کی سرگرمیوں میں مصروف ہے، سیلاب متاثرین کی بحالی ہم سب کی اجتماعی ذمہ داری ہے، شہداء کے اہلخانہ سے دلی ہمدردی اور یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں، شہداء کے ایصال ثواب کیلئے دعاگو ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ حالیہ سیلاب کے دوران 657 افراد جاں بحق ، 929 زخمی اور 2462 گھر تباہ ہوئے ہیں، کئی گائوں صفحہ ہستی سے مٹ گئے، ایک ہزار مویشی متاثر ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس سانحہ پر پوری پاکستانی قوم افسردہ اور غمزدہ ہے، قدرتی آفت کسی بھی وقت اور کہیں بھی آ سکتی ہے، تمام صوبوں کو نقصانات میں کمی کیلئے پیشگی حفاظتی اقدامات کرنے چاہئیں، ہمیں پانی کی گزر گاہوں کے اندر تعمیرات کرنے سے گریز کرنا چاہئے، وفاقی حکومت نے سیلاب متاثرین کیلئے مرکزی کنٹرول روم قائم کیا ہے، خیبرپختونخوا کے 9 اضلاع میں متاثرین کو روزانہ کی بنیاد پر امداد فراہم کی جا رہی ہے، ہم اپنی ذمہ داری کو پورا کرنے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ این ڈی ایم اے کا کام قدرتی آفت کے دوران وفاق کی سطح پر معاونت، نگرانی، رابطہ، بروقت انتباہ ، موثر تیاری اور ہم آہنگی کے ذریعے عوام اور بنیادی ڈھانچہ کو نقصانات سے بچانا ہے، حالیہ سیلاب کے دوران این ڈی ایم اے نے متعدد ایڈوئزاری جاری کیں، حالیہ سیلاب کے دوران پاک فوج سمیت دیگر ادارے امدادی سرگرمیوں میں مربوط طریقہ سے حصہ لے رہے ہیں۔