Live Updates

ملکہ کوہسار مری میں مون سون بارش کا سلسلہ جاری،مختلف مقامات پر لینڈسلائیڈنگ

پیر 18 اگست 2025 23:10

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اگست2025ء) ملکہ کوہسار مری میں پیر کو بھی مون سون بارش کا سلسلہ جاری رہا۔مری میں 88 ملی میٹر سے زائد بارش ریکارڈ کی گئی۔ مختلف مقامات پر لینڈ سلائیڈنگ ہوئی۔لوئر ٹوپہ، چٹہ موڑ، شوالہ مائنر سمیت دیگر مقامات پرلینڈ سلائیڈنگ ہوئی مگر ٹریفک رواں دواں رہی۔ شدید بارش اور آندھی کی وجہ سے کئی مقامات پر درخت گر گئے۔

ضلعی انتظامیہ کی جانب سے فوری امدادی کارروائیاں کی گئیں۔ دوسری جانب محکمہ تعلیم مری نے دو دن کیلئے سکول بند کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔

(جاری ہے)

نوٹیفکیشن کے مطابق موسمیاتی صورتحال کے پیش نظر سکولوں کو دودن کے لیے بند کیا گیا ہے۔ ڈپٹی کمشنر مری آغا ظہیر عباس شیرازی نے مون سون بارشوں کے حوالے سے متعلقہ محکموں کو ہدایات جاری کر دیں۔

ڈپٹی کمشنر مری آغا ظہیر عباس شیرازی نے کہا ہے کہ ضلعی انتظامیہ،پولیس، ریسکیو سمیت تمام متعلقہ ادارے فیلڈ میں الرٹ ہیں۔لینڈ سلائیڈنگ والے مقامات پر امدادی سرگرمیاں جاری ہیں اور کئی مقامات کو کلئیر کر دیا گیا ہے۔ٹریفک معمول کے مطابق رواں دواں ہے، شہری غیر ضروری سفرسے اجتناب کریں۔عوام ضلعی انتظامیہ کی جانب سے جاری احتیاطی تدابیر کی ہدایات پر عمل کریں۔
Live مون سون بارشیں سے متعلق تازہ ترین معلومات