خیبرپختونخواحکومت نے حالیہ سیلاب سے شہید ہونے والے افراد کے اہل خانہ کو معاوضوں کی فراہمی شروع کردی

منگل 19 اگست 2025 04:30

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 اگست2025ء)خیبرپختونخوا حکومت نے ضلع بونیر میں حالیہ سیلاب سے شہید ہونے والے افراد کے اہل خانہ کو پیر سے معاوضوں کے چیکس کی فراہمی باقاعدہ طور پر شروع کردی ہے۔اس سلسلے میں خیبرپختونخوا کے وزیر کھیل و آمور نوجوانان سید فخرجہان نے آج بونیر میں سیلاب سے زیادہ متاثرہ علاقے بیشونئی کا دورہ کرکے وہاں پر سیلاب میں شہید ہونے والے افراد کے اہل خانہ کو معاوضے کے چیک حوالے کئے۔

وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین خان گنڈاپور کے وعدے کے مطابق فی شہید انکے اہل خانہ کو 20 لاکھ روپے کے چیکس حوالے کیئے گئیے۔ڈپٹی کمشنر بونیر کاشف قیوم اور ضلعی انتظامیہ کے دیگر افسران بھی اس موقع ہو موجود تھے۔ ڈپٹی کمشنر بونیر کے مطابق کل 218 ڈکومنٹڈ اموات واقع ہوئی ہیں اور آج سے انکے معاوضوں کی فراہمی کا آغاز بیشونئی سے کیا گیا ہے جبکہ منگل کے روز 5 بجے تک ان سارے لوگوں کے لواحقین کو شہدا پیکج کے تحت تمام رقوم حوالے کی جائیں گی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر صوبائی وزیر کھیل و آمور نوجوانان نے کہا کہ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین خان گنڈاپور نے بونیر میں متاثرین کیساتھ جو وعدہ کیا تھا آج سے عملی طور پر اس کا آغاز کردیا اور منگل کے دن انشاللہ تمام شہدا کی رقوم انکے خاندانوں کو مل جائیں گی۔