کوٹہ سسٹم ختم کرنے کا ہائی کورٹ کا فیصلہ تاریخی اور ٹیلنٹ کی فتح ہے،خواجہ فاروق احمد

منگل 19 اگست 2025 17:05

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 اگست2025ء)پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی راہنما اپوزیشن لیڈر خواجہ فاروق احمد نے کوٹہ سسٹم ختم کرنے کے حوالے سے جموں وکشمیر ہائی کورٹ کے فیصلہ کو تاریخی بروقت قرار دیتے ہوئے ٹیلنٹ کی فتح قرار دیا۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت میں ہم نے اسمبلی اراکین پر مشتمل ایک کمیٹی جس کا میں بھی ممبر تھا نے رپورٹ تیار کی تھی کہ کوٹہ سسٹم ختم کردیا جائے اور بعد ازاں یہ کیس ہائی کورٹ میں چلا گیا تھا اور آج ہماری عدالت العالیہ نے قانون،میرٹ،انصاف کی سربلندی کرتے ہوئے کوٹہ سسٹم ختم کردیا ہے جس کے لیے ہماری ہائی کورٹ مبارکباد کی مستحق ہے۔

خواجہ فاروق احمد نے کہا کہ گڈگورننس کی دعویدار حکومت کو بھی چاہیے کہ وہ اس فیصلہ کو تسلیم کریں،سپریم کورٹ میں اپیل میں نہ جائیں اور پی ایس سی سمیت اب محکمہ جات کو پابند کریں کہ وہ ہائی کورٹ کے فیصلہ پر 100 فیصد عمل کریں تاکہ جو اہل قابل نوجوان محض کوٹہ سسٹم کا شکار ہوجاتے تھے وہ اب اپنی تعلیم،صلاحیت ،قابلیت کے مطابق اپنا حق لے سکتے ہیں۔

(جاری ہے)

خواجہ فاروق احمد نے کہا کہ میڈیکل ،انجینئرنگ کے کالجز میں بھی اسی کوٹہ سسٹم کے تحت 1000سے زائد نمبر لینے والا میڈیکل کالج انجینئرنگ کے اداروں میں داخلہ سے محروم کردیا جاتا تھا اور محض 700کے لگ بھگ نمبرز لینے والا میڈیکل کالج میں چلا جاتا تھا اس سے معاشرے میں فرسٹریشن پیدا ہوجاتی تھی اور ہمارا نوجوان بالاآخر ریاست سے بھی بغاوت پر اتر جانے پر ذہنی طورپر مجبور ہوجاتا ،حکومت کو اس تاریخی فیصلہ پر عملدرآمد کرنے میں اب تاخیر نہیں کرنی چاہیے تاکہ ہمارے باصلاحیت پڑھے لکھے نوجوان مایوس ہوکر بیرون ملک جانے پر مجبور نہ ہوں انہیں اپنے ملک میں ہی میرٹ کے مطابق اپنا حق مل سکے۔