ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے سی ایس ایس کے لئے عمر اور مواقع میں اضافہ سے متعلق قومی اسمبلی سے منظور شدہ قرارداد پر عملدرآمد کی رپورٹ طلب کرلی

منگل 19 اگست 2025 17:49

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اگست2025ء) ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان ناصر نے سی ایس ایس کے لئے عمر اور مواقع میں اضافہ سے متعلق قومی اسمبلی سے منظور شدہ قرارداد پر عملدرآمد کی رپورٹ طلب کرلی۔منگل کو سینیٹر فوزیہ ارشد نے نکتہ اعتراض پر کہا کہ سی ایس ایس کے امتحان کے لئے عمر 35 سال اور اس کے لئے چانس 5 کرنے کی قرارداد قومی اسمبلی سے منظور ہوئی تھی،اس کے لئے آن لائن داخلے جاری ہیں ، 25 اگست اس کی آخری تاریخ ہے،اس قرارداد کا کیبنٹ نوٹیفکیشن درکار ہے،اس پر عمل ہونا چاہئے،سی ایس ایس کا سکریننگ پراسیس نومبر تک ہوگا،اس کی تاریخ میں توسیع کی جائے۔

انہوں نے کہا کہ کے پی میں حالیہ سیلاب کی تباہ کاریوں سے سب کا دل دکھی ہے،کلائوڈ برسٹ کے لئے خبردار کیا جاتا رہا تاہم ہم نے موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کے لئے کوئی اقدامات نہیں اٹھائے،ہمارے پاس جنگلات نہیں ہیں،ٹمبر مافیا نے درخت کاٹ کر پہاڑ خالی کر دیئے ہیں،اس پر توجہ دینے کی ضرورت ہے،جنگلات کو فعال کرنا ہے،یہ قدرتی آفت قدرت کی طرف سے نہیں یہ انسانوں کی وجہ سے ہے،دریائوں اور آبی گذرگاہوں کو روک کر تعمیرات اور ہاؤسنگ سوسائٹیاں بنائی گئی ہیں،یہاں سے آبادی کو بچانے کے لئے بند باندھے جائیں،ہمیں جنگلات لگانے اور محکمہ جنگلات کو متحرک کرنا ہے،ٹمبر مافیا کو روکنا ہوگا،یہ تجاویز متعلقہ کمیٹی کو ارسال کی جائیں۔

(جاری ہے)

ڈپٹی چیئرمین سینٹ سیدال خان ناصر نے کہا کہ سی ایس ایس کی عمر اور چانس کا معاملہ وزارت تعلیم سے متعلق ہے۔وزیر تعلیم خالد مقبول صدیقی نہیں ہیں۔انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے رپورٹ طلب کریں ،یہ بچوں کے مستقبل کا معاملہ ہے،موسمیات کے حوالے سے بھی تجاویز اہم ہیں۔