Live Updates

لاہور سمیت پنجاب کے بیشتر علاقوں مزید بارش کا امکان ، ترجمان پی ڈی ایم اے

منگل 19 اگست 2025 19:15

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اگست2025ء) آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران لاہور سمیت پنجاب کے بیشتر شہروں میں مزید بارش کا امکان ، بارشوں کا اسپیل 23اگست تک جاری رہنے کی توقع ہے۔ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق صوبائی دارالحکومت لاہور سمیت پنجاب کے دیگر اضلاع فیصل آباد, گوجرانوالہ, سرگودھا،ملتان،ساہیوال ،گجرات، سیالکوٹ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، منڈی بہاالدین ،ڈی جی خان، راولپنڈی، مری ،گلیات، اٹک، چکوال جہلم، بہاولپور اور میانوالی میں تیز بارش متوقع ہے۔

گزشتہ 24 گھنٹوں میں نورپور تھل میں 95 ملی میٹر، فیصل آباد 93، مری 73 ، رحیم یار خان68 ،بھکر 67، کوٹ ادو 60، اٹک 34، گوجرانولہ 28، راجن پور 25، ڈیرہ غازی خان21 اور منگلا میں17 ملی میٹر تک بارش ریکارڈ کی گئی ۔ا سی طرح سرگودھا، جھنگ ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، لاہور، قصور اور سیالکوٹ میں بھی بارش ریکارڈ کی گئی۔

(جاری ہے)

ترجمان کے مطابق موسلا دھار بارش سے نشیبی علاقوں کے ندی نالوں میں طغیانی کا خطرہ ہے ۔

طوفانی بارش سے مری کے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ ہے۔ سیاح اور مسافر پیشگوئی کی مدت کے دوران انتہائی محتاط رہیں۔ تیز بارش اور آندھی کچے مکانات کو نقصان پہنچا سکتی ہے۔شہری موسم برسات میں احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور محفوظ مقامات پر رہیں ۔ ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا نے متعلقہ اضلاع کو عملہ اور مشینری ہائی الرٹ رکھنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ واسا ، میونسپل ادارے نشیبی علاقوں میں پانی ہرگز کھڑا نہ ہونے دیں ۔بارش کے دوران متعلقہ افسران فیلڈ میں موجود رہیں,سرگرمیوں کی نگرانی کریں۔ڈی جی عرفان علی کاٹھیا نے مزید کہا کہ شہری ہنگامی صورتحال میں پی ڈی ایم اے کی ہیلپ لائن 1129 پر کال کریں۔
Live مون سون بارشیں سے متعلق تازہ ترین معلومات