حاصل بزنجو کی جمہوریت اور عوامی بالادستی کے لیے گراں قدر خدمات ایک مکمل اور تاریخی تحریک کی حیثیت رکھتی ہیں،مرکزی ترجمان نیشنل پارٹی

منگل 19 اگست 2025 20:25

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 اگست2025ء) نیشنل پارٹی کے مرکزی ترجمان نے میرِ جمہوریت میر حاصل خان بزنجو کی برسی کے موقع پر جاری بیان میں کہا ہے کہ میر حاصل بزنجو کی جمہوریت اور عوامی بالادستی کے لیے گراں قدر خدمات ایک مکمل اور تاریخی تحریک کی حیثیت رکھتی ہیں،اگرچہ جمہوریت کے فروغ کے لیے بہت سے نامور قائدین نے جدوجہد کی ہے اور وہ سب لائقِ تحسین ہیں، مگر میر حاصل بزنجو جمہوری مزاحمتی سیاست کے سرخیل تھے۔

انہوں نے سیاست کو مزاحمت کا پہلو عطا کیا اور ہمیشہ جمہوریت کے حوالے سے بلند، توانا اور عملی آواز بنے رہے۔ مرکزی ترجمان علی احمد لانگو نے کہا کہ میر حاصل بزنجو کی پوری زندگی قومی و طبقاتی ناانصافی، معاشی نابرابری اور استحصال کے خلاف جدوجہد میں گزری۔

(جاری ہے)

وہ حقیقی جمہوریت، پارلیمنٹ کی بالادستی اور آئین و قانون کی حکمرانی کے علمبردار تھے نیشنل پارٹی میرِ جمہوریت کی برسی کے موقع پر اپنے قائد کی جدوجہد کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کرتی ہے۔

اس سلسلے میں نیشنل پارٹی کے زیر اہتمام کل 20 اگست کو کراچی آرٹس کونسل میں تقریب منعقد ہوگا۔جس سے نیشنل پارٹی کے قاہد ڈاکٹر مالک بلوچ سمیت پارٹی کے دیگر قاہدین ،ملک کے نامور سیاسی و صحافتی اور ادبی شخصیات خطاب کرینگے۔۔علی احمد لانگو نے کہا کہ میر حاصل خان بزنجو کا واضح مؤقف تھا کہ سیاسی عمل کی تسلسل ہی ملک کی تعمیر و ترقی کا ضامن ہے۔

وہ ہمیشہ اس بات پر زور دیتے تھے کہ سیاست کا کام سیاسی جماعتوں کا ہے اور سیاسی جماعتیں ہی حقیقی سیاسی عمل کے ذریعے بنتی ہیں۔ مصنوعی جماعتیں اور سیاستدان تراشنے سے ملک بحرانوں کا شکار ہوسکتا ہے اور آگے نہیں بڑھ سکتا۔انہوں نے کہا کہ میر حاصل خان بزنجو نے ہمیشہ آمریت اور اس کی مختلف شکلوں کی سختی سے مخالفت کی، جسے تاریخ میں سنہری حروف سے لکھا جا چکا ہے۔

ان کی سیاست شفاف اور بے داغ تھی جس میں آج تک کسی قسم کا عیب تلاش نہیں کیا جا سکا۔ترجمان نے مزید کہا کہ نیشنل پارٹی اپنے قائد کی کمی کبھی پوری نہیں کر سکتی، مگر ان کے نظریے اور جدوجہد پر سمجھوتہ کرنے کو گناہ کبیرہ اور قومی غداری کے مترادف سمجھتی ہے۔ نیشنل پارٹی اس عزم کا اعادہ کرتی ہے کہ میر حاصل بزنجو کی سیاسی فکر اور جدوجہد کو تسلسل کے ساتھ جاری رکھا جائے گا۔