رکن صوبائی اسمبلی میررحمت صالح بلوچ کا میرغوث بزنجو اور میرحاصل بزنجو کو خراج عقیدت

منگل 19 اگست 2025 20:40

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اگست2025ء) نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنما اور بلوچستان اسمبلی میں ڈپٹی پارلیمانی لیڈر میر رحمت صالح بلوچ نے بابائے بلوچستان میر غوث بخش بزنجو اور میر جمہوریت میر حاصل خان بزنجو کی برسی کے موقع پر ان کو زبردست انداز سے خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں رہنما ایسے سیاسی کردار تھے جنہوں نے اپنی پوری زندگی عوامی خدمت کے لئے وقف کی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ میر غوث بخش بزنجو آزادی کے بعد اقتدار کی راہ آسانی سے اختیار کر سکتے تھے مگر انہوں نے بلوچستان کے عوام کی عزت اور حق حاکمیت کو ذاتی مفاد پر ترجیح دی ،وہ اقتدار کی کرسی پر بیٹھ کر بھی درویش منش انسان تھے جنہوں نے طاقت کے بجائے دلیل اور مکالمے کو اپنا ہتھیار بنایا ،اسی روحانی اور سیاسی طرز سیاست نے انہیں بابائے بلوچستان بنا دیا،میر رحمت صالح بلوچ نے کہا کہ میر حاصل خان بزنجو نے بھی اپنی زندگی میں کبھی دولت ،اختیار اور مفاد کو اہمیت نہیں دی، وہ ہمیشہ درویشوں کی طرح سادہ زندگی گزارتے رہے اور ایوانوں میں بھی سچائی اور حق گوئی کے چراغ روشن کرتے رہے، حاصل بزنجو کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ وہ سیاستدان کم اور صوفی زیادہ تھے کیونکہ ان کی سیاست کا مرکز و محور عوام کا دکھ درد محکوم اقوام کے زخم اور جمہوریت کی پاسبانی تھی ۔