ق*وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی زیر صدارت ای سی سی اجلاس، اہم اقتصادی فیصلے

ت*بارشوں سے متاثرہ افراد کے لیے 5.8 ارب روپے کے ریلیف پیکج کی منظوری ای سی سی کا امدادی کاموں میں تیزی کیلئے فوری طور پر 4 ارب روپے متاثرین کے لیے جاری کرنے کی ہدایت

منگل 19 اگست 2025 20:50

-اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 19 اگست2025ء) وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی زیر صدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں ملکی اقتصادی اور ترقیاتی امور پر تفصیلی غور و خوض کیا گیا۔ اجلاس میں کئی اہم فیصلے کیے گئے جن کا ملک کی اقتصادی صورتحال اور عوامی فلاح پر گہرا اثر پڑے گا۔اجلاس میں بارشوں سے متاثرہ افراد کے لیے 5.8 ارب روپے کے ریلیف پیکج کی منظوری دی گئی۔

ای سی سی نے فوری طور پر 4 ارب روپے متاثرین کے لیے جاری کرنے کی ہدایت کی تاکہ جلد از جلد امدادی کاموں میں تیزی لائی جا سکے۔ای سی سی نے ملک بھر میں فیول چارجز ایڈجسٹمنٹ (ایف سی ای) کے یکساں اطلاق کی منظوری دی، جس کے بارے میں پاور ڈویڑن نے سمری پیش کی تھی۔ اس فیصلے سے عوام کو یکساں قیمتوں کا فائدہ ہوگا۔

(جاری ہے)

نیشنل شپنگ کارپوریشن کو 33 کروڑ روپے کی ادائیگی کی منظوری دی گئی۔

اسٹیل ملز کیس کے حتمی فیصلے کے لیے وزارت کو 3 ماہ میں رپورٹ جمع کرانے کی ہدایت کی گئی۔وزیراعظم فین ریپلیسمنٹ پروگرام کے لیے 2 ارب روپے جاری کرنے کی منظوری۔اسٹریٹجک پالیسی پلاننگ سیل کے لیے 25 کروڑ روپے جاری کرنے کی منظوری۔راست کیو آر کوڈ سبسڈی اسکیم کے لیے 3.5 ارب روپے کی منظوری دی گئی، اور اسکیم کو تین سال تک جاری رکھنے کی بھی منظوری دی گئی۔

اجلاس میں ای سی سی نے 2025-30 کے لیے نئی انرجی وہیکل پالیسی کی منظوری بھی دی، جس کا مقصد توانائی کے شعبے میں بہتری لانا ہے۔ مزید برآں، کسانوں کے لیے رسک کوریج اسکیم پر بھی بریفنگ دی گئی جس کے ذریعے 7 لاکھ 50 ہزار نئے کسان قرضہ نظام میں شامل ہوں گے۔اجلاس میں گیس سیکٹر سے متعلق امور پر بھی تفصیلی جائزہ لیا گیا، اور گیس سیکٹر کے نقصانات کو کنٹرول کرنے اور اس کی کارکردگی کو بہتر بنانے کے لیے اقدامات کرنے کی ہدایت کی گئی۔اس اجلاس میں کیے گئے فیصلے اقتصادی استحکام کے لیے اہم قدم ثابت ہوں گے اور عوامی فلاح و بہبود کے لیے حکومت کی سنجیدگی کو ظاہر کرتے ہیں