چیئرپرسن ایس ای سی پی کی قیادت میں وفد کی پی ایم ای ایکس کے بورڈ آف ڈائریکٹرز سے ملاقات، کموڈٹیز مارکیٹ کی ترقی پر تبادلہ خیال

منگل 19 اگست 2025 21:20

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اگست2025ء) سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) کا وفد جس کی قیادت چیئرپرسن عاکف سعید کر رہے تھے، نے پاکستان مرکنٹائل ایکسچینج (پی ایم ای ایکس) کے بورڈ آف ڈائریکٹرز سے ملاقات کی تاکہ پاکستان میں کموڈٹیز فیوچرز مارکیٹ کی ترقی کے لیے حکمت عملی پر تبادلہ خیال کیا جا سکے۔منگل کے روز یہاں سے جاری پریس ریلیز کے مطابق پی ایم ای ایکس کی انتظامیہ نے اپنے تزویراتی منصوبے پیش کیے جس میں کلیدی ترجیحی شعبے، کموڈٹیز فیوچرز مارکیٹ کی ترقی، بہتر نگرانی اور خطرات کے انتظام کے طریق کار شامل تھے۔

شرکا نے کموڈٹیز فیوچرز مارکیٹ کی ترقی میں درپیش چیلنجز پر بھی تبادلہ خیال کیا اور ان کو حل کرنے کے طریقوں پر غور و خوض کیا۔

(جاری ہے)

اجلاس میں ریگولیٹری فریم ورک، نظم و نسق، شفافیت اور مارکیٹ کی ترقی کو مضبوط بنانے پر بھی توجہ مرکوز کی گئی۔ اہم بات چیت کا محور زرعی کموڈٹیز کی مستقبل کی تجارت کو فعال بنانا، کسانوں، تاجروں اور مالیاتی اداروں کی وسیع تر شرکت کو فروغ دینا اور ایک زیادہ موثر اور جامع کموڈٹیز مارکیٹ کی تعمیر کے لیے الیکٹرانک گودام رسیدوں کے استعمال کو فروغ دینا تھا۔

ایس ای سی پی نے زرعی بنیاد پر مستقبل کے معاہدوں کو فروغ دینے، مصنوعات کی بنیاد کو متنوع بنانے اور ایسی پالیسیوں کو آگے بڑھانے کے لیے پی ایم ای ایکس کے ساتھ مل کر کام کرنے کے اپنے عزم کا اعادہ کیا جو پاکستان میں کموڈٹیز مارکیٹ کے موثر کام اور پائیدار ترقی میں معاون ثابت ہوں۔