صادق آباد ،یکم ستمبر سے 4 ستمبر تک انسداد پولیو مہم شروع کی جا رہی ہے، ڈپٹی کمشنر

بدھ 20 اگست 2025 11:00

صادق آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 اگست2025ء) رحیم یار خان ضلع کی دو تحصیلوں صادق آباد اور رحیم یار خان میں یکم ستمبر سے 4 ستمبر تک انسداد پولیو مہم شروع کی جا رہی ہے جس کے دوران ایک سے پانچ سال تک کی عمر کے بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے حفاظتی قطرے پلائے جائیں گے، اس مہم کے دوران تقریباً 6لاکھ 67ہزار سے زائد بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے جس کے لیے گھر گھر جا کر ٹیمیں فرائض سرانجام دیں گی۔

انسداد پولیو کی خصوصی مہم کے انتظامات کا جائزہ لینے کے لئے اہم اجلاس ڈپٹی کمشنر آفس کمیٹی روم میں منعقد ہوا۔ جس کی صدارت ڈپٹی کمشنر خرم پرویز اور صوبائی کوارڈینیٹر رانا عدیل تصور نے کی۔ اجلاس میں عالمی ادارہ صحت کے صوبائی ٹیم لیڈر ڈاکٹر ناصر عابدی، صوبائی ٹیم لیڈر یونیسف فاطمہ فراز، بل گیٹس فاؤنڈیشن پنجاب کی ٹیم لیڈر میڈم راشدہ، صوبائی پولیو ایریڈیکیشن آفیسر ڈاکٹر عامر احسان، صوبائی مہم کنٹرول روم آفیسرامجد بھٹہ،سی ای او کومنٹ روح المین، جاوید اقبال، شہزاد، سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر غضنفر شفیق سمیت ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی کے افسران موجود تھے۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر نے صوبائی کوارڈینیٹر کے ہمراہ گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مائیکرو لیول پر اقدامات کو مزید مؤثر بنایا جائے جبکہ دیگر صوبوں و اضلاع سے آنے والے مسافروں، خانہ بدوشوں، لیبر میں شامل پانچ سال سے کم عمر بچوں پر خصوصی توجہ مرکوز رکھی جائے تاکہ کوئی بھی پانچ سال سے کم عمر بچہ پولیو ویکسین سے محروم نہ رہ سکے۔انہوں نے ہدایت کی کہ ٹرانزٹ پوائنٹس داخلی سطح پر روٹیشن کی بنیاد پر ٹیمیں تعینات کی جائیں تاکہ دوسرے صوبوں اور اضلاع سے آنے والے مسافر بچوں کو پولیو کی ویکسین بروقت فراہم کی جا سکے۔

ڈپٹی کمشنر نے واضح کیا کہ تمام محکمے اپنی ذمہ داریاں پوری لگن کے ساتھ ادا کریں اور ناقص کارکردگی دکھانے والے اہلکاروں کے خلاف فوری کارروائی عمل میں لائی جائے۔اجلاس میں عالمی ادارہ صحت، یونیسف اور بل گیٹس فاؤنڈیشن کی جانب سے اپنے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی گئی اور انہوں نے ضلع کی دو تحصیلوں میں پولیو مہم کے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انسداد پولیو مہم کی کامیابی کے لئے بہترین حکمتِ عملی تیار کرنے اور اس پر سختی سے عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے۔

ضلعی انتظامیہ اور محکمہ صحت کی جانب سے والدین اور سرپرستوں سے پرزور اپیل کی گئی ہے کہ وہ یکم سے 4 ستمبر تک جاری رہنے والی انسداد پولیو مہم کے دوران اپنے پانچ سال سے کم عمر کے بچوں کو پولیو کے قطرے ضرور پلائیں تاکہ آنے والی نسل کو ہمیشہ کے لیے اس موذی مرض سے محفوظ بنایا جا سکے۔\378