بارشیں‘ دریاؤں میں پانی کی سطح بلند، راوی میں جسڑ کے مقام پر نچلے درجے کا سیلاب

بدھ 20 اگست 2025 14:30

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 اگست2025ء) مون سون بارشوں سے دریاؤں میں پانی کی سطح بلند ہوگئی۔بارشوں کے باعث دریائے سندھ میں تربیلا کے مقام پر نچلے درجے اور کالا باغ کے مقام پر درمیانے درجے کا سیلاب آگیا، دریائے راوی میں جسڑ کے مقام پر نچلے درجے کی سیلابی صورتحال پیدا ہوگئی، شاہدرہ کے مقام پر پانی کا بہاؤ 36 ہزار کیوسک ریکارڈ کیا گیا۔

(جاری ہے)

بہاولنگر میں بھوکاں پتن کے مقام پر دریائے ستلج میں پانی کی سطح بلند ہوگئی، شاہراہ سیلابی پانی میں ڈوب گئی، متعدد دیہاتوں کا بہاولنگر سے زمینی راستہ منقطع ہوگیا۔قصور میں دریائے ستلج میں درمیانے درجے کا سیلاب آگیا، متعدد بستیوں کا زمینی رابطہ منقطع ہوگیا، پانی گھروں میں داخل اور فصلیں زیر آب آگئیں، بہاولپور کے مضافاتی علاقوں میں بنائے گئے زمیندارہ بند ٹوٹ گئے، سیکڑوں ایکڑ رقبہ پر کاشت کپاس کی فصل کو نقصان پہنچا۔راول ڈیم میں پانی کی سطح بلند ہونے پر سپیل ویز کھول دیئے گئے، تربیلا ڈیم کے سپیل ویز بھی اوپن کر دیئے گئے۔