معاشی استحکام برآمدات پر مبنی ترقی کیساتھ ٹیکس اصلاحات ،غیر ملکی سرمایہ کاری پر منحصر‘ ریو نیو ایڈوائزرز

بدھ 20 اگست 2025 17:21

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 اگست2025ء)ریونیو ایڈوائزر زایسوسی ایشن کے چیئرمین عامر قدیر نے کہا ہے کہ معاشی استحکام برآمدات پر مبنی ترقی کے ساتھ ساتھ ٹیکس اصلاحات اور غیر ملکی براہِ راست سرمایہ کاری پر منحصر ہے، حکومت اگلے 7سے 8سالوں میں برآمدات کے حجم کو 100ارب ڈالر تک لے جانے کا عزم ظاہر کر رہی ہے لیکن عملی اقدامات اس کے برعکس ہیں۔

اپنے بیان میںانہوںنے کہاکہ موجودہ برآمدات تقریباً 32 ارب ڈالر کی سطح پر رکی ہوئی ہیں ،اگر حکومت نے 100ارب ڈالر کا ہدف حاصل کرنا ہے تو اسے برآمدات کے شعبے میں ایمر جنسی کا نفاذ کرنا ہوگا ،پاکستانی مصنوعات کو عالمی منڈیوں میں مقابلے کی دوڑ میںشامل کرنے کیلئے مینو فیکچررز کو رعایتیں دی جائیں ۔ انہوںنے کہا کہ حکومت کو زراعت اور آئی ٹی پر توجہ کرناہو گی ، دونوں شعبوں کو ترقی دے کر برآمدات میں اضافہ ممکن ہے لیکن اس کے لئے دن رات کام کرنے کی ضرورت ہے ۔

(جاری ہے)

بین الاقوامی مسابقت حاصل کرنے کے لیے برانڈنگ، جدت، ٹیکنالوجی کے استعمال اور سپلائی چین کی اعتباریت میں سرمایہ کاری بھی ضروری ہوگی یہ سب وہ شعبے ہیں جہاں خطے کی معیشتیں جیسے ویتنام اور تھائی لینڈ ہمیں بہت پہلے پیچھے چھوڑ چکی ہیں اور برآمداتی طاقتوں میں تبدیل ہو گئیں جبکہ پاکستان کم مالیت اور کم ترقی کے چکر میں پھنس کر رہ گیا۔