پاکستان سٹاک مارکیٹ میں نئی تاریخ رقم، 100 انڈیکس 1 لاکھ 50 ہزار پوائنٹس سے تجاوز کر گیا

بدھ 20 اگست 2025 11:21

پاکستان سٹاک مارکیٹ میں نئی تاریخ رقم، 100 انڈیکس 1 لاکھ 50 ہزار پوائنٹس ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 اگست2025ء) پاکستان سٹاک ایکسچینج میں ریکارڈ تیزی کا سلسلہ جاری ہے اور بدھ کو 100 انڈیکس 600 سے زائد پوائنٹس اضافے کے ساتھ 1 لاکھ 50 ہزار 423 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا، یہ پہلا موقع ہے کہ ہنڈریڈ انڈیکس نے مسلسل دو دنوں میں 1 لاکھ 50 ہزار پوائنٹس کی حد عبور کی جسے مارکیٹ ماہرین ملکی معیشت کے لیے بڑا اور مثبت سگنل قرار دے رہے ہیں، منگل کو بھی انڈیکس دن کے دوران 2 ہزار 127 پوائنٹس کی شاندار تیزی کے ساتھ 1 لاکھ 50 ہزار 323 پوائنٹس تک پہنچا تھا ،تاہم کاروبار کے اختتام پر کچھ سرمایہ کاروں کی جانب سے پرافٹ ٹیکنگ کے نتیجے میں یہ 1 لاکھ 49 ہزار 770 پوائنٹس پر بند ہوا ۔

بدھ کو کاروبار کے آغاز ہی سے سرمایہ کاروں کی جانب سے بھرپور خریداری دیکھنے میں آئی جس سے انڈیکس ایک بار پھر نئی بلند ترین سطح پر جا پہنچا،کاروباری حجم میں بھی نمایاں بہتری ریکارڈ کی گئی۔

(جاری ہے)

مارکیٹ میں بدھ کو 482 کمپنیوں کے تقریباً 80 کروڑ شیئرز کا لین دین ہوا جن کی مالیت 48 ارب روپے سے زیادہ رہی، سب سے زیادہ کاروبار بینکنگ سیکٹر میں دیکھنے میں آیا جبکہ فرٹیلائزر، آئل اینڈ گیس اور سیمنٹ سیکٹر بھی سرمایہ کاروں کی توجہ کا مرکز بنے رہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ سٹاک مارکیٹ میں جاری یہ مثبت رجحان سرمایہ کاروں کے بڑھتے اعتماد کا نتیجہ ہے۔ ان کے مطابق معاشی اشاریوں میں بہتری، حکومت کی مالیاتی پالیسیوں پر مثبت ردِعمل اور سیاسی استحکام کی توقعات نے مارکیٹ کو نئی زندگی بخشی ہے۔اعداد و شمار کے مطابق جولائی 2023 میں 100 انڈیکس محض 40 ہزار کی سطح پر تھا جو دو سال کے دوران ریکارڈ اضافے کے ساتھ بڑھ کر 1 لاکھ 50 ہزار پوائنٹس سے تجاوز کر گیا ہے۔ ماہرین کے خیال میں یہ پیش رفت نہ صرف ملکی سرمایہ کاروں کے اعتماد کی عکاس ہے بلکہ عالمی سطح پر بھی پاکستان کی کیپٹل مارکیٹ کے لیے مثبت تاثر چھوڑے گی۔\395