اینٹی کرپشن عدالت میں فرد جرم عائد نہ ہو سکی، پرویز الہٰی بیماری کے باعث غیرحاضر رہے

بدھ 20 اگست 2025 21:05

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 20 اگست2025ء)سابق وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الہٰی اور دیگر کے خلاف پنجاب اسمبلی میں میرٹ سے ہٹ کر بھرتیوں کے مقدمے کی سماعت اینٹی کرپشن کورٹ لاہور میں ہوئی، جسے 10 ستمبر تک ملتوی کر دیا گیا۔ مقدمے کی سماعت اینٹی کرپشن کورٹ کے جج جاوید اقبال وڑائچ نے کی۔ دورانِ سماعت پرویز الہٰی کے پیش نہ ہونے کے باعث فردِ جرم عائد نہ ہو سکی۔

(جاری ہے)

ان کے وکلا نے عدالت میں حاضری معافی کی درخواست دائر کی اور مؤقف اختیار کیا کہ پرویز الہٰی بیمار ہیں اور ڈاکٹرز نے انہیں آرام کا مشورہ دیا ہے۔شریک ملزم سابق پرنسپل سیکرٹری پنجاب اسمبلی محمد خان بھٹی عدالت میں پیش ہوئے جبکہ مقدمے کے دیگر شریک ملزمان بھی حاضری کے لیے موجود تھے۔ مقدمہ میں ملازمت حاصل کرنے والے افراد کو بھی ملزمان نامزد کیا گیا ہے۔ شریک ملزم مختار احمد رانجھا کی جانب سے بریت کی درخواست پہلے سے دائر ہے جو زیرِ سماعت ہے۔واضح رہے کہ چودھری پرویز الہٰی اور دیگر پر الزام ہے کہ انہوں نے پنجاب اسمبلی میں میرٹ سے ہٹ کر غیر قانونی بھرتیاں کیں۔