پاک چائنا فرٹیلائزر کمپنی ہری پور کی اراضی و اثاثہ جات کی خرید و فروخت، منتقلی و تعمیرات پر 90 روزہ پابندی عائد

بدھ 20 اگست 2025 23:01

ہری پور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 اگست2025ء) ڈپٹی کمشنرہری پور وسیم احمد نے دفعہ 144 ضابطہ فوجداری سی آر پی سی کے تحت پاک چائنا فرٹیلائزر کمپنی لمیٹڈ، اراضی، منقولہ و غیر منقولہ اثاثہ جات، سکریپ اور درختوں کی خرید و فروخت، منتقلی یا کسی قسم کی تعمیراتی سرگرمی پر پابندی عائد کر دی ہے۔یہ پابندی فوری طور پر نافذ العمل ہے اور اگلے 90 دنوں یعنی 14 نومبر 2025 تک جاری رہے گی۔

(جاری ہے)

اس فیصلے کا مقصد عوامی مفاد اور امن و امان کو یقینی بنانا ہے۔اگر کوئی فرد اس حکم کی خلاف ورزی کرتے ہوئے پایا گیا، تو اس کے خلاف دفعہ 188 تعزیرات پاکستان پی پی سی کے تحت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ اس ضمن میں متعلقہ ایس ایچ او، مقامی پولیس کو ایف آئی آر درج کرنے کا اختیار تفویض کر دیا گیا ہے۔عوام الناس سے گزارش ہے کہ قانون کا احترام کریں اور ضلعی انتظامیہ کے ساتھ تعاون کریں۔