بیکن ہائوس نیشنل یونیورسٹی (بی این یو) پاکستان کی پہلی ورلڈ وائڈ فنڈ سے تصدیق شدہ ایکو اسمارٹ کیمپس قرار

بدھ 20 اگست 2025 23:05

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 20 اگست2025ء) بیکن ہائوس نیشنل یونیورسٹی (بی این یو) نے تاریخ رقم کرتے ہوئے پاکستان کی پہلی یونیورسٹی ہونے کا اعزاز حاصل کرلیا ہے جسے ورلڈ وائڈ فنڈ پاکستان کے معتبر ایکو اسمارٹ کیمپس سرٹیفیکیشن پروگرام کے تحت تصدیق دی گئی ہے۔ یہ کامیابی ملک کے اعلیٰ تعلیمی اداروں میں ماحولیاتی تحفظ، موسمیاتی تبدیلی پر قابو پانے اور پائیدار ترقی کے اصولوں کے عملی نفاذ کی نمایاں مثال ہے۔

بی این یو کی اس کاوش میں گرین انفراسٹرکچر کی توسیع، کم کاربن مینجمنٹ پروٹوکولز کا نفاذ، کچرے کی علیحدگی اور ری سائیکلنگ سسٹم کا قیام، اور نصاب میں ماحولیاتی تعلیم کا انضمام شامل ہے۔ ادارے نے آئندہ تعلیمی سال سے پلاسٹک فری کیمپس کا اعلان بھی کیا ہے تاکہ فضائی آلودگی کم کی جا سکے اور کاربن فٹ پرنٹ گھٹایا جا سکے۔

(جاری ہے)

ورلڈ وائڈ فنڈ پاکستان (WWF) کے سخت معیارات پر مبنی جانچ میں بی این یو نے وسائل کے موثر استعمال، فضلہ میں کمی، قابلِ تجدید توانائی کے فروغ، حیاتیاتی تنوع کے تحفظ اور ماحولیاتی آگاہی جیسے شعبوں میں نمایاں کارکردگی دکھائی۔

یونیورسٹی کے مطابق یہ اعزاز صرف ادارہ جاتی کامیابی نہیں بلکہ پاکستان کے تعلیمی منظرنامے میں ایک نئی سمت کی نشاندہی کرتا ہے جہاں پائیدار کو اسٹریٹیجک ضرورت کے طور پر تسلیم کیا جا رہا ہے۔ بی این یو نے WWF پاکستان کے ساتھ شراکت میں ایک بہترین عملی فریم ورک تیار کرنے کا عزم بھی کیا ہے تاکہ دیگر جامعات بھی "گرین یونیورسٹی" کے سرٹیفیکیشن کے عمل سے گزر سکیں۔