وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کا صاف اور معیاری پانی کی فراہمی کا وژن

بدھ 20 اگست 2025 23:05

سرگودہا(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 20 اگست2025ء)وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے صاف اور معیاری پانی کی فراہمی کے وڑن کے تحت پنجاب صاف پانی اتھارٹی نے سرگودہا ڈویژن کے عوام کے لیے ایک بڑے منصوبے کا آغاز کر دیا ہے۔ منصوبے کے پہلے مرحلے میں خوشاب، بھکر اور میانوالی کے تین اضلاع میں مجموعی طور پر 586 جدید واٹر فلٹریشن پلانٹس نصب کیے جائیں گے۔

یہ بات آج کمشنر سرگودہا ڈویڑن جہانزیب اعوان کی زیرِ صدارت ہونے والے ایک اعلیٰ سطحی اجلاس میں بتائی گئی، جس میں پنجاب صاف پانی اتھارٹی کے سی ای او نوید احمد نے ویڈیو لنک کے ذریعے منصوبے کی تفصیلات پیش کیں۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ ضلع خوشاب میں 211 پلانٹس نصب کیے جائیں گے، جن میں 81 آر او پلانٹس اور 130 ایم ایف پلانٹس شامل ہیں۔

(جاری ہے)

آر او پلانٹس میں سے 40 تحصیل خوشاب، 14 نوشہرہ، 17 قائدآباد اور 10 نورپور تھل میں لگائے جائیں گے، جبکہ ایم ایف پلانٹس میں سے 73 تحصیل خوشاب، 26 نوشہرہ اور 31 قائدآباد میں نصب کیے جائیں گے۔

مزید برآں خوشاب میں بوتل پلانٹس لگانے کی تجویز بھی زیرِ غور ہے تاکہ شہریوں کو پیک شدہ معیاری پانی کی فراہمی ممکن بنائی جا سکے۔ اسی طرح ضلع میانوالی میں 164 پلانٹس لگائے جائیں گے جن میں 39 آر او پلانٹس، 8 یو ایف پلانٹس اور 117 ایم ایف پلانٹس شامل ہیں۔ میانوالی تحصیل میں 25، پپلاں میں 4 اور عیسیٰ خیل میں 10 آر او پلانٹس لگیں گے، جبکہ ایم ایف پلانٹس میں سے 61 تحصیل میانوالی اور 56 پپلاں میں نصب کیے جائیں گے۔

ضلع بھکر کے لیے بھی 211 پلانٹس کا منصوبہ تیار کیا گیا ہے، جن میں 36 آر او پلانٹس، 20 یو ایف پلانٹس اور 155 ایم ایف پلانٹس شامل ہوں گے۔ آر او پلانٹس کلورکوٹ میں ایک، دریاخان میں 10، منکیرہ میں 14 اور بھکر شہر میں 11 لگائے جائیں گے۔ یو ایف پلانٹس میں سے 18 کلورکوٹ اور 2 منکیرہ میں نصب ہوں گے، جبکہ ایم ایف پلانٹس میں 60 کلورکوٹ، 35 منکیرہ اور 60 بھکر شہر میں لگانے کی منصوبہ بندی کی گئی ہے۔

اجلاس کو مزید بتایا گیا کہ منصوبے کے دوسرے مرحلے میں ضلع سرگودہا میں بھی واٹر فلٹریشن پلانٹس نصب کیے جائیں گے تاکہ ڈویڑن کے تمام شہریوں کو یکساں سہولت فراہم کی جا سکے۔ منصوبے کے تحت تمام پلانٹس سرکاری عمارتوں کے باہر نصب کیے جائیں گے اور انہیں سولر انرجی پر چلایا جائے گا۔ کمشنر جہانزیب اعوان نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ منصوبہ حکومت پنجاب کے عوامی فلاحی اقدامات میں ایک سنگِ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ منصوبے کی تکمیل کے بعد سرگودہا ڈویڑن کے لاکھوں شہریوں کو صاف اور محفوظ پانی دستیاب ہو گا، جس سے صحت عامہ کے مسائل کم ہوں گے اور لوگوں کا معیارِ زندگی بہتر ہو گا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ تمام ڈپٹی کمشنرز منصوبے کی مجوزہ سائٹس کا دوبارہ تفصیلی جائزہ لیں، حتمی سمری تیار کریں اور پنجاب صاف پانی اتھارٹی کو بھجوائیں تاکہ منصوبے کو بروقت حتمی شکل دی جا سکے۔

مزید برآں، پہلے سے بحال شدہ واٹر فلٹریشن پلانٹس کے پانی کے معیار کو برقرار رکھنے کے لیے باقاعدہ ٹیسٹنگ کو بھی یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنر سرگودہا کیپٹن (ر) محمد وسیم، ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ بلال حسن، ایم ڈی واسا عزیز اللہ خان، ڈپٹی کمشنر خوشاب فروہ عامر، ڈپٹی کمشنر میانوالی خالد گورائیہ، ڈپٹی کمشنر بھکر محمد اشرف اور پنجاب صاف پانی اتھارٹی کے سی ای او نوید احمد نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔