وزارت داخلہ نے پاسپورٹ کنٹرول لسٹ پالیسی سے متعلق سینیٹ کو آگاہ کردیا

ڈی پورٹ پاکستانی شہریوں کے بیرون ملک سفر پر 5سال کی پابندی ہے، وزارت داخلہ

بدھ 20 اگست 2025 20:00

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 اگست2025ء)وزارت داخلہ نے سینیٹ کو بتایا ہے کہ ڈی پورٹ پاکستانی شہریوں کے بیرون ملک سفر پر 5سال کی پابندی ہے۔ وزیر داخلہ محسن نقوی نے پاسپورٹ کنٹرول لسٹ پالیسی سے متعلق سینیٹ کو تحریری طور پر آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ بیرون ملک سے ڈی پورٹ شخص کوپی سی ایل پر رکھنے کی مدت 5 سال ہے تاہم اس سے زیادہ مدت کیلئے اسے پی سی ایل پر رکھاجاسکتا ہے۔

(جاری ہے)

وزیرداخلہ نے کہا کہ پی سی ایل پرنام شامل ہونے کے بعد متعلقہ شہری 5سال تک بیرون ملک سفر نہیں کرسکتا۔تحریری جواب میں بتایا گیا ہے کہ یہ رولز ایسے شخص کیلئے ہیں جو ناپسندیدہ سرگرمیوں، غیرقانونی، فوجداری الزامات کے تحت ملک بدر کیا گیا ہو، زائد مدت پر پی ایس ایل پر رکھنے کیلئے متعلقہ محکمہ یا ادارے کی مکمل وجوہات کیساتھ سفارش ضروری ہے، پاسپورٹ قواعد وفاقی کابینہ سے منظور شدہ ہیں۔