چیئرمین کلین اینڈ گرین اسلام آباد موومنٹ احسن بختاوری کی جی 10مرکزاسلام آباد کے نومنتخب یونین عہدیداران کو مبارکباد

بدھ 20 اگست 2025 22:20

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 اگست2025ء) چیئرمین کلین اینڈ گرین اسلام آباد موومنٹ احسن بختاوری نے جی-10 مرکز کی نومنتخب یونین کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ کلین اینڈ گرین مہم عوامی تعاون سے ہی کامیاب ہو سکتی ہے۔ انہوں نے نومنتخب عہدیداران کے ساتھ مل کر شجرکاری ، ڈسٹ بینز کی تنصیب اور آگاہی واک میں شرکت کی۔ اس موقع پر ارحم بختاوری بھی ان کے ہمراہ تھے۔

اس موقع پر اپنے خطاب میں احسن بختاوری نے کہا کہ اسلام آباد پاکستان کا دل ہے، اس کی خوبصورتی اور صفائی ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ کلین اینڈ گرین اسلام آباد موومنٹ کا مقصد نہ صرف صفائی ستھرائی کو فروغ دینا ہے بلکہ شہریوں میں ماحول دوست رویوں کو اجاگر کرنا بھی ہے، ہم چاہتے ہیں کہ ہر شہری اپنے حصے کا کردار ادا کرے، شجرکاری ہو یا کچرا ڈسٹ بین میں ڈالنے کی عادت، یہ سب اقدامات آنے والی نسلوں کے لیے سرمایہ ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے نومنتخب یونین کو یقین دلایا کہ کلین اینڈ گرین موومنٹ تاجر برادری کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر کھڑی ہے اور اسلام آباد کو ایک ماڈل صاف ستھرا اور سرسبز شہر بنانے میں کوئی کسر نہیں چھوڑے گی۔جی-10 مرکز یونین کے سیکرٹری جنرل عامر بخاری نے کہا کہ ہم احسن بختاوری کے شکر گزار ہیں جنہوں نے پہلے ہی دن ہماری حوصلہ افزائی کی اور عملی اقدامات سے ہمیں اعتماد دیا۔

ہم کلین اینڈ گرین اسلام آباد کے ساتھ مل کر اپنے مرکز کو ایک مثالی مرکز بنائیں گے۔سینئر نائب صدر تابش محبوب جٹ نے کہا کہ صفائی نصف ایمان ہے، ہم سب نے یہ عہد کیا ہے کہ اپنے علاقے کو صاف ستھرا رکھیں گے اور آگاہی پھیلانے میں اپنا کردار ادا کریں گے۔نائب صدر محمد عمران اشرف نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ تاجر برادری اور کلین اینڈ گرین اسلام آباد کی مشترکہ کاوشیں ضرور رنگ لائیں گی۔

جی-10 کو ماڈل مرکز بنایا جائے گا۔میڈیا کوآرڈینیٹر نور اسلام نے کہا کہ ہم اس پیغام کو میڈیا کے ذریعے زیادہ سے زیادہ شہریوں تک پہنچائیں گے تاکہ کلین اینڈ گرین کا خواب پورا ہو سکے۔جی-10 مرکز کے تاجر رہنمائوں اور شہریوں نے احسن بختاوری کے اقدامات کو سراہتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ کلین اینڈ گرین اسلام آباد موومنٹ کے ساتھ قدم سے قدم ملا کر چلیں گے اور اسلام آباد کو صاف، سرسبز اور صحت مند شہر بنانے میں اپنا کردار ادا کریں گے۔