واشنگٹن،ثالث ممالک کی سوڈان میں بگڑتی انسانی صورتحال پر تشویش،متحارب فریقین سے شہریوں کا تحفظ یقینی بنانے پر زور

جمعرات 21 اگست 2025 10:10

واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 اگست2025ء) امریکا کی قیادت میں ثالث ممالک نے سوڈان میں بگڑتی انسانی صورتحال پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے متحارب فریقین پر زور دیا ہے کہ وہ عام شہریوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کی غرض سے فوری اقدامات کریں۔العربیہ اردو کے مطابق یہ گروپ "امن کے قیام اور جانیں بچانے کے لیے اتحادی ممالک" کے نام سے جانا جاتا ہے جس میں امریکا، مصر، سعودی عرب اور دیگر ممالک شامل ہیں۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ بین الاقوامی انسانی قانون کا مکمل احترام ضروری ہے جس میں عام شہریوں کے تحفظ کی ذمہ داری،امدادی کارکنان، ان کے دفاتر اور وسائل کی سلامتی اور امدادی سامان کو تمام ضرورت مندوں تک فوری اور بلا رکاوٹ پہنچانے کی سہولت بھی شامل ہے۔

(جاری ہے)

ادھر سوڈان کے شمالی علاقے دارفر کے شہر ملیط کے قریب عالمی ادارۂ خوراک کے ایک امدادی قافلہ پر حملہ کیا گیا، یہ شہر قحط اور بھوک سے بری طرح متاثر ہے۔

اقوام متحدہ کے امدادی ادارے کے ترجمان گیفٹ واتاناساتھورن کے مطابق خوراک سے لدے 16 میں سے تین ٹرک آگ لگنے سے جل گئے اور متاثر ہوئے، تاہم تمام امدادی عملہ محفوظ رہا۔خیال رہے کہ سوڈان میں 15 اپریل 2023ء سے فوج کے سربراہ عبدالفتاح البرہان اور ریپڈ سپورٹ فورسز کے کمانڈر محمد حمدان دقلو المعروف حمیدتی کے درمیان جنگ جاری ہے۔اس خانہ جنگی نے ملک کو بدترین انسانی بحران میں دھکیل دیا ہے جس میں دسیوں ہزار افراد ہلاک ہو چکے ہیں جبکہ ایک کروڑ 30 لاکھ سے زائد لوگ بے گھر یا مہاجر بننے پر مجبور ہوئے ۔ ادھر ملک کے کئی علاقے قحط اور بھوک کی لپیٹ میں آ گئے ہیں۔