کیریبین پریمیئر لیگ ، محمد رضوان سینٹ کٹس اینڈ نیوس پیٹریاٹس کی نمائندگی کریں گے

جمعرات 21 اگست 2025 11:53

کنگسٹن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 اگست2025ء) پاکستان کے تجربہ کار وکٹ کیپر بلے باز اور سابق ٹی -20 کپتان محمد رضوان کا کیریبین پریمیئر لیگ 2025 میں سینٹ کٹس اینڈ نیوس پیٹریاٹس کے ساتھ معاہدہ طے پاگیا ہے جس تحت وہ اب سی پی ایل میں سینٹ کٹس اینڈ نیوس پیٹریاٹس کی نمائندگی کریں گے ۔ کرکٹ ویب سائٹ کے مطابق لیگ کی جانب سے باضابطہ اعلان آئندہ 24 گھنٹوں میں متوقع ہے۔

رضوان کو افغان فاسٹ باؤلر فضل حق فاروقی کے متبادل کے طور پر ٹیم میں شامل کیا گیا ہے، جو جلد ہی افغانستان، پاکستان اور یو اے ای کے مابین ہونے والی ٹرائی سیریز کے لیے اپنی قومی ٹیم کو جوائن کریں گے ۔اگرچہ یہ واضح نہیں کہ رضوان سینٹ کٹس اینڈ نیوس پیٹریاٹس کے آئندہ میچ جو بارباڈوس رائلز کے خلاف 22اگست کو کھیلا جائے گا، دستیاب ہوں گے یا نہیں، تاہم پاکستان کی ٹی -20 سکواڈ میں عدم شمولیت نے ان کی لیگ میں شمولیت کی راہ ہموار کر دی ہے۔

(جاری ہے)

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے این او سی (نو آبجیکشن سرٹیفیکیٹ) ایک رسمی کارروائی ہے، جس کے بعد ان کی شرکت یقینی ہو جائے گی۔یہ پہلا موقع ہوگا کہ رضوان سی پی ایل میں شرکت کریں گے، جس سے لیگ میں پاکستانی کھلاڑیوں کی موجودگی میں مزید اضافہ ہو جائے گا۔ سینٹ کٹس پیٹریاٹس کی ٹیم پہلے ہی نسیم شاہ اور عباس آفریدی جیسے پاکستانی فاسٹ باؤلرز کی خدمات حاصل کر چکی ہے۔

اس کے علاوہ لیگ میں عماد وسیم، محمد عامر اور سلمان ارشاد بھی حصہ لے رہے ہیں۔یہ معاہدہ اس بات کی بھی تصدیق کرتا ہے کہ رضوان پی سی بی کی پالیسی کے تحت اپنا سالانہ غیر ملکی ٹی -20 لیگز کا کوٹہ مکمل کر لیں گے، جو جولائی سے شروع ہونے والے 12 ماہ کے عرصے میں صرف دو لیگز کھیلنے کی اجازت دیتا ہے۔ اس سے قبل رضوان بگ بیش لیگ میں میلبورن رینیگیڈز کی جانب سے کھیلنے کا اعلان کر چکے ہیں۔واضح رہے کہ سینٹ کٹس اینڈ نیوس پیٹریاٹس کی ٹیم نے رواں سیزن کا آغاز ایک فتح سے کیا، مگر اس کے بعد تین مسلسل شکستوں کا سامنا کرتے ہوئے پوائنٹس ٹیبل پر نیچے سے دوسرے نمبر پر ہے۔ ٹیم 2017 اور 2021 میں سی پی ایل کی چیمپئن بھی رہ چکی ہے۔