مستقبل کے چیلنجز کو مدنظر رکھتے ہوئے "صحت افرادی قوت حکمت عملی ‘‘تیار کی گئی ہے ،وزیرِ مملکت برائے صحت ڈاکٹر مختار بھرتھ

جمعرات 21 اگست 2025 14:55

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 اگست2025ء) وزیرِ مملکت برائے صحت ڈاکٹر مختار بھرتھ نے کہا ہے کہ وزارتِ صحت نے مستقبل کے چیلنجز کو مدنظر رکھتے ہوئے "صحت افرادی قوت حکمت عملی 2025 – 2035 " تیار کی گئی ہے جو پاکستان کی بین الاقوامی ذمہ داریوں سے ہم آہنگ، شواہد اور مساوات ترقی کے اصولوں پر مبنی ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ک "ون ہیلتھ" ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ کووڈ-19 کی عالمی وبا نے پاکستان کے نظامِ صحت میں موجود کئی اہم کمزوریوں کو نمایاں کیا جن میں صحتِ عامہ کی ایمرجنسیز سے نمٹنے کے لیے ماہر افرادی قوت کی کمی شامل ہے ۔انہصں نے کہا کہ سال 2023 کی "جوائنٹ ایکسٹرنل ایویلیوایشن" میں بھی اس خلا کی نشاندہی کی گئی ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کو "ون ہیلتھ" کے تحت مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی افرادی قوت کی تیاری پر فوری توجہ دینے کی ضرورت ہے۔

(جاری ہے)

وزارت صحت نے "ہیلتھ ورک فورس سنیپ شاٹ 2025" بھی مرتب کیا ہے جس میں "ون ہیلتھ" کے تصور کے تحت انسانی، حیوانی، ماحولیاتی اور غذائی تحفظ کی افرادی قوت کا جائزہ پیش کیا گیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ یہ ورکشاپ "ون ہیلتھ" افرادی قوت کی تربیتی ضروریات کی درست نشاندہی میں کلیدی کردار ادا کرے گی جس سے ماہرین خود کو ایسے تیار کر سکے گے جن میں وبائی خطرات کا بروقت تشخیص ،سد باب اور موثر جواب دینے کی صلاحیت ہو ۔پاکستان کو بیماریوں کی نگرانی کے موجودہ نظام کو مزید مضبوط کرنے کی ضرورت ہے ۔بلخصوص ان شعبہ جات کے درمیان جو انسانی، حیوانی اور ماحولیاتی صحت سے منسلک ہیں ۔