انکم ٹیکس گوشوارہ 2025 کی فائلنگ کی آخری تاریخ 18 نومبر ہونی چاہیے ‘ جمیل اختربیگ

جمعرات 21 اگست 2025 14:58

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 اگست2025ء)لاہور ٹیکس بار ایسوسی ایشن کے سابق صدر جمیل اختر بیگ نے کہا ہے کہ انکم ٹیکس گوشوارہ 2025کی فائلنگ کی آخری تاریخ 18 نومبر ہونی چاہیے کیونکہ ایف بی آر نے فائنل نوٹیفکیشن فارم ریٹرن 18اگست کو جاری کیا ہے اورقانون کے مطابق فائنل ریٹرن فارم ایف بی آر پورٹل پر آنے کے بعد 90دن میں گوشوارہ جمع کرانا ضروری ہے،اگر 30ستمبر ریٹرن فائل کرنے کی آخری تاریخ ہے تو ریٹرن فارم ایف بی آر کے پورٹل پر یکم جولائی کو موجود ہونا چاہیے ۔

اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ اگر ریٹرن 10 سال کے فائنل کرلیا جائے تو اس میں کوئی قباحت نہیں ،فنانس بل آنے کے فوری بعد اسٹیک ہولڈرز کی مشاروت کے بعد ریٹرن فارم پورٹل پر موجود ہونا چاہیے ۔

(جاری ہے)

ہر سال فنانس ایکٹ میں چند تبدیلیاں اور قوانین اور ٹیکس ریٹس میں کمی بیشی کی جاتی ہے جسے دودن میں فائنل کیا جاسکتا ہے لیکن ہر سال ریٹرن فارم کا نیا ڈرامہ رچایا جاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایف بی آر کا 78 سال میں ایک گوشوارہ فائنل نہ کرنا لمحہ فکریہ ہے۔حکومتی اور ایف بی آر کی جانب سے یہ اعلانات کئے جارہے ہیں کہ گوشوارہ آسان اور سادہ کردیا ہے مگر اسے ہر سال پہلے سے زیادہ مشکل بنایا جاتا ہے۔یہ دعوی بھی کیا جاتا ہے کہ ایف بی آر کے سسٹم کو درست اور غلطیوں سے پاک کردیا گیا ہے لیکن اس کے برعکس ریٹرن فائلنگ کے دوران سسٹم سست روی کا شکار رہتا ہے ،یوٹیوب،فیس بک،وٹس آپ،ٹک ٹاک کے سسٹم کیوں سست نہیں پڑتے وہ کیوں نہیں بیٹھتے،وہ کیوں بند نہیں ہوتے جن پر کروڑوں لوگ ہر وقت ایکٹو ہوتے ہیں جبکہ ایف بی آر کے سسٹم پر چند ہزار لوگ آ جائیں تو سسٹم رینگ رینگ کر چلتا ہے ۔

ایف نی آر کو اپنا سسٹم درست اور فائنل ریٹرن فارم یکم جولائی کو پورٹل پر دینا چاہیے تاکہ عوام با آسانی اپنا قومی فریضہ سمجھتے ہوئے وقت سے پہلے اپنا گوشوارہ جمع کرا سکیں۔

متعلقہ عنوان :