Live Updates

پی ٹی آئی پنجاب اسمبلی اپوزیشن لیڈر کی نامزدگی سیاسی کمیٹی کے سپرد

ڈپٹی اپوزیشن لیڈر معین ریاض قریشی کے انتخاب سے پارٹی کی یکجہتی برقرار رہنے کا امکان

جمعرات 21 اگست 2025 20:08

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 21 اگست2025ء) پاکستان تحریک انصاف کی پنجاب اسمبلی کی پارلیمانی کمیٹی نے صوبائی اسمبلی میں نئے اپوزیشن لیڈر کی نامزدگی کا اختیار پارٹی کی سیاسی کمیٹی کو سونپ دیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن کے 105 ممبر ہیں، جن میں سے پانچ نام سیاسی کمیٹی مشاورت کے بعد طے کرے گی، اور پھر ان پانچ ناموں میں سے بانی پی ٹی آئی عمران خان یہ فیصلہ کریں گے کہ کس کو اپوزیشن لیڈر بنانا ہے۔

(جاری ہے)

پنجاب کی پارلیمانی پارٹی نے ڈپٹی اپوزیشن لیڈر کو ہی اپوزیشن لیڈر بنانے کی تجویز بھی دی، اور پارٹی رہنماؤں نے رائے دی کہ ڈپٹی اپوزیشن لیڈر معین ریاض قریشی کے انتخاب سے پارٹی متحد رہے گی۔ذرائع کے مطابق بانی پی ٹی آئی عمران خان کی جانب سے عہدے کے لیے پنجاب اسمبلی سے پانچ سینئر رہنماؤں کے نام طلب کیے گئے ہیں۔ ممکنہ امیدواروں میں معین قریشی، رانا آفتاب، علی امیتاز وڑائچ، میاں اعجاز شفیع، رانا شہباز اور ندیم قریشی کے نام شامل ہو سکتے ہیں۔پارٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ فیصلہ سیاسی کمیٹی کے اجلاس اور بانی پی ٹی آئی کے اختیار کے مطابق حتمی طور پر طے کیا جائے گا۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات