نیشنل یونیورسٹی آف ماڈرن لینگویجز کا 25واں کانووکیشن اختتام پذیر ہوگیا

جمعرات 21 اگست 2025 20:46

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 اگست2025ء) نیشنل یونیورسٹی آف ماڈرن لینگویجز (نمل) کا 25واں کانووکیشن اختتام پذیر ہوگیا۔ دو روزہ تقریب نمل کی سلور جوبلی کا بھی حصہ تھی جس میں یونیورسٹی کے 25 سالہ تعلیمی، تحقیقی، ثقافتی اور تدریسی سفر کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔کل 1271 فارغ التحصیل طلبہ کو ڈگریاں دی گئیں جن میں افغانستان کے طلبہ بھی شامل تھے۔

ان میں سے 94 طلبہ کو گولڈ میڈل عطا ء کئے گئے۔ تقریب کے مہمان خصوصی وفاقی وزیر برائے تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت خالد مقبول صدیقی تھے۔ اس موقع پر ریکٹر نمل میجر جنرل (ر) شاہد محمود کیانی ، ڈائریکٹر جنرل نمل بریگیڈیئر شہزاد منیر، اساتذہ، والدین اور معزز مہمانوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔اپنے افتتاحی خطاب میں ریکٹر شاہد محمود کیانی نے اساتذہ اور انتظامیہ کی تعلیم میں اعلیٰ معیار، طلبہ کی راہنمائی اور ادارہ جاتی ترقی کیلئے غیر متزلزل عزم کو سراہا۔

(جاری ہے)

انہوں نے فارغ التحصیل طلبہ پر زور دیا کہ وہ اخلاقی قیادت کے سفیر بنیں اور زندگی کے ہر شعبے میں انصاف، سچائی اور انسانی وقار کو قائم رکھیں۔ انہوں نے کہا کہ آپ کی ڈگری محض ایک سند نہ ہو بلکہ یہ آپ کو یاد دلاتی رہے کہ آپ نے دوسروں کے لئے کچھ کرنا ہے، سچائی کا ساتھ دینا ہے اور ان کی مدد کرنی ہے جو اپنی مدد نہیں کر سکتے۔مہمان خصوصی خالد مقبول صدیقی نے اپنے خطاب میں فارغ التحصیل طلبہ کو مبارکباد پیش کی اور تعلیم کی طاقت کو اجاگر کیا۔

انہوں نے کہا کہ تعلیم آپ کا سب سے بڑا اثاثہ ہے، اب آپ کی باری ہے کہ اپنی محنت اور لگن سے ملک کو ترقی کی راہ پر ڈالیں۔ انہوں نے خصوصاً طالبات کی کامیابیوں کو سراہا اور قومی ترقی کے لئے ہر سطح پر تعلیم کو اولین ترجیح دینے پر زور دیا۔ڈی جی نمل شہزاد منیر نے بھی طلبہ کو مبارکباد دی ۔