9 افسران و جوانوں کو قائداعظم ایوارڈ اور پریذیڈنٹ پولیس میڈلزسے نوازا گیا

جمعرات 21 اگست 2025 21:55

سرگودھا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 اگست2025ء) سرگودھا ریجن پولیس کے9 افسران و جوانوں کو 1قائد اعظم اور 8 پریذیڈنٹ پولیس میڈلز سے نوازا گیا۔ حکومت پنجاب نے پنجاب پولیس کے 15 بہادر افسران و جوانوں کو ان کی جرات، دلیری اور بہادری کے اعتراف میں قائداعظم پولیس میڈل اور پریزیڈنٹ پولیس میڈل سے نوازا ہے۔ ان اعزازات میں سب سے زیادہ حصہ سرگودھا ریجن نے اپنے نام کیا، جہاں کے 9 پولیس افسران نے یہ اعزاز حاصل کیا۔

یوں پنجاب بھر میں سرگودھا ریجن پہلے نمبر پر قرار پایا۔ اعزازات حاصل کرنے والوں میں ضلع خوشاب کے پانچ جبکہ میانوالی کے سابق ڈسٹرکٹ پولیس آفیسراختر فاروق سمیت چار پولیس افسران و جوان شامل ہیں۔ یہ اعزازات پنجاب پولیس کے ان افسران و جوانوں کی جرات، فرض شناسی، قربانی اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے کی جانے والی خدمات کا عملی اعتراف ہیں۔

(جاری ہے)

ریجنل پولیس آفیسر سرگودھا محمد شہزاد آصف خان نے کہا کہ سرگودھا ریجن کے بہادر افسران کا یہ اعزاز نہ صرف پولیس بلکہ پورے خطے کے لیے باعث فخر ہے، یہ میڈلز پنجاب پولیس کے ان ہیروز کے حوصلے اور بہادری کا منہ بولتا ثبوت ہیں جو امن دشمن عناصر کے خلاف ہمیشہ ڈٹ کر کھڑے ہیں۔انہوں نے کہا کہ سرگودھا پولیس ہمیشہ عوام کے جان و مال کی حفاظت کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے سے بھی دریغ نہیں کرے گی۔