Wوفاقی محتسب اعلیٰ اعجاز احمد قریشی کی ہدایت

× وفاقی محتسب سیکرٹریٹ سرگودھا کے ریجنل ہیڈ خواجہ سیف الرحمان کا ایکسین فیسکو آفس میانوالی میں کھلی کچہری کا انعقاد

جمعرات 21 اگست 2025 19:45

/میانوالی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 21 اگست2025ء)وفاقی محتسب اعلیٰ اعجاز احمد قریشی کی ہدایت پر وفاقی محتسب سیکرٹریٹ سرگودھا کے ریجنل ہیڈ خواجہ سیف الرحمان نے ایکسین فیسکو آفس میانوالی میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا جس میں وفاقی اداروں کے خلاف شکایات کی سماعت کی گئی۔وفاقی اداروں کی بدانتظامی کے خلاف 26 سے زیادہ شکایات کنندگان کی،بجلی،پوسٹل لائف انشورنس کمپنی،نادرا، پاکستان بیت المال نیشنل بنک، پاسپورٹ آفس، پاکستان بینوویلنٹ فنڈ، ای او بی آئی اور چشمہ واپڈا پروجیکٹ کے خلاف شکایات پیش کیں۔

موقع پر ان کی جائز شکایات کا ازالہ کیا گیا جبکہ 26نئی شکایات وصول کیں۔جن وفاقی اداروں کے خلاف شکایات کا فیصلہ ہوا ان کو موقع پر ازالہ کرنے کی ہدایات جاری کی گئیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کھلی کچہری میں موجود افراد کو آگاہ کیا کہ وہ وفاقی اداروں میں بدانتظامی کے خلاف صرف سادہ کاغذ پر اپنی شکایت تحریر کریں۔ اس کے ساتھ اپنی شناختی کارڈ کی کاپی لگائیں، اپنا موبائل نمبر لکھیں اور اس کو وفاقی محتسب کی ویب سائیٹ پر یا وٹس ایپ پر یا ای میل کے ذریعے یا مروجہ ڈاک کے ذریعہ وفاقی محتسب کے ریجنل آفس سرگودھا بھیج دیں۔

انہوں نے کہا کہ صرف اس بات کا خیال رکھا جائے کہ آپ نے اپنے معاملہ کے حل کیلئے کسی عدالت میں رجوع نہ کیا ہو اور یہ کہ آپ کا معاملہ زیر سماعت نہیں ہے۔ اس کے علاوہ وزرات دفاع یا ملکی خارجہ امور کے متعلق نہ ہو۔ انہوں نے بتایا کہ آپ کی شکایت پر 30 دن کے اندر فیصلہ کر دیا جاتا ہے۔ انہوں نے میانوالی کی عوام کو آگاہ کیا کہ وہ وفاقی محتسب کی خدمات سے بھر پور فائدہ اٹھائیں اور فوری اور سستے انصاف کے لیے حکومت کی اس سہولت سے فائدہ اٹھائیں۔