پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی کا کوئٹہ میں صفائی کی ابتر صورتحال پر اظہار تشویش

جمعرات 21 اگست 2025 19:50

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 اگست2025ء) پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی نے جاری کردہ بیان میں کوئٹہ شہر اور نواحی علاقوں میں صفائی کی ابتر صورتحال پر شدید تشویش اور مذمت کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ عالمو چوک، کوتوال، نواں کلی، زرغون آباد، خروٹ آباد اور مملکہ سمیت مختلف علاقوں میں سیوریج اور گندگی کے نالے مکمل طور پر ناکارہ ہوچکے ہیں، سڑکوں، گلیوں اور کچھی آبادیوں میں ہزاروں ٹن کچرا جمع ہے جس کی وجہ سے عوام شدید مشکلات اور بیماریوں کا شکار ہو رہے ہیں۔

بیان میں کہا گیا کہ میٹرو پولیٹن کارپوریشن اور کوئٹہ صفاء پروجیکٹ کرپشن اور کمیشن کی نذر ہوچکے ہیں۔ صفائی اور کچرا اٹھانے کا عمل نہ ہونے کے برابر ہے، جبکہ متعلقہ عملہ صرف وی آئی پی علاقوں تک محدود ہے اور باقی شہر کچرے کے ڈھیر میں تبدیل ہوچکا ہے۔

(جاری ہے)

بیان میں کہا گیا کہ معاہدے کے مطابق کوئٹہ صفاء پروجیکٹ نے نئی مشینری درآمد کرنی تھی لیکن تاحال صرف پرانی مشینری استعمال کی جارہی ہے جو صفائی کی ضروریات کے لیے ناکافی ہے۔

مزید برآں، صفائی کے اخراجات براہ راست عوام سے بجلی کے بلوں کے ذریعے وصول کیے جارہے ہیں اور اس منصوبے کو پی ڈی ایم اے کے ذریعے ادائیگی کی جا رہی ہے، جبکہ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت شفاف تفصیلات تاحال عوام کے سامنے نہیں لائی گئیں۔ پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی نے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر ہنگامی بنیادوں پر نئی مشینری منگوا کر شہر اور نواحی علاقوں سے کچرے کے ہزاروں ٹن ڈھیر ہٹائے جائیں اور عوام کو صحت مند ماحول فراہم کیا جائے۔

متعلقہ عنوان :