Live Updates

شناختی کارڈ نہ رکھنے والے نوجوانوں، بچوں کو افغان کڈوال ظاہر کرکے ملک بدر کرنا قابل مذمت ہے ،پشتونخواملی عوامی پارٹی

جمعرات 21 اگست 2025 19:50

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 اگست2025ء) پشتونخواملی عوامی پارٹی ضلع کوئٹہ کے جاری کردہ بیان میں ضلعی انتظامیہ اور پولیس کی ملی بھگت سے کوئٹہ شہرکے مختلف علاقوں سے شناختی کارڈ نہ رکھنے والے نوجوانوں، بچوں کو افغان کڈوال ظاہر کرکے ملک بدر کرنے کے ناروا اقدامات کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ کوئٹہ شہر کے مختلف پولیس تھانوں بالخصوص کچلاک اور سیٹلائٹ ٹائون پولیس تھانے کے عملے کی جانب سے افغان کڈوال عوام کے نام پر جاری آپریشن کے دوران مقامی عوام کے گھروں پر چھاپے ماررہے ہیں اورجن بچوں کے شناختی کارڈ نہیں ان کے بی فارم طلب کیئے جاتے ہیں اور پھر بی فارم ضبط کرکے ڈپٹی کمشنر کے دفتر ان بچوں کا لایا جاتاہے جس کے بعد وہاں بچوں سے مختلف دستاویزات پر انگوٹھے لگالیئے جاتے ہیں اور بعد ازاں انہیں ملک بدری پر مجبور کیا جاتا ہے ۔

(جاری ہے)

بیان میں اس امر پر انتہائی دُکھ اور افسوس کا اظہار کیا گیا ہے کہ پولیس کرپشن ، رشوت خوری کے لیے شدید مہنگائی، سخت ترین بیروزگاری، بدترین بدامنی اور انسانی زندگی کی بنیادی سہولیات سے محروم غریب عوام کو تنگ کرنے ان کی زندگیوں سے کھیلنے کے ناقابل معافی جرم کے مرتکب ہورہی ہے ۔ کمشنر کوئٹہ، ڈپٹی کمشنر کوئٹہ ، آئی جی پولیس ، ڈی آئی جی پولیس اس کا سختی سے نوٹس لیں اور اس جرم میں ملوث پولیس آفیسران واہلکاروں کے خلاف کارروائی کی جائے اور جن متاثرہ بچوں کو غیر آئینی ، غیر قانونی طور پر ملک بدر کیا گیا ہے یا دستاویزات میں غیر ملکی ظاہر کیا گیا ہے ان کی تصحیح کی جائے اور انہیں واپس بُلایا جائے۔
Live مہنگائی کا طوفان سے متعلق تازہ ترین معلومات