پاکستان ریگولیٹری ماڈرنائزیشن انیشی ایٹو کے تحت اہم تنظیموں کے ساتھ ایس ای سی پی کا ڈیٹا شیئرنگ کے لیے انضمام

جمعرات 21 اگست 2025 20:00

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 اگست2025ء) پاکستان ریگولیٹری ماڈرنائزیشن انیشی ایٹو (پی آر ایم آئی) کے تحت سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) نے بورڈ آف انویسٹمنٹ (بی او آئی) کے تعاون سے وفاقی اور صوبائی سطح پر چند اہم تنظیموں جیسے کہ نیپرا، پی آر اے، ڈریپ، ایس این جی پی ایل، پیمرا اور آئیسکو کے ساتھ مفاہمت کی یادداشتوں (ایم او یوز) پر دستخط کیے ہیں۔

ان دستخطوں کا مقصد ایس ای سی پی کے ای زیڈ فائل پورٹل کے ذریعے الیکٹرانک ڈیٹا شیئرنگ کوممکن بنانا ہے۔ کمیشن کی جانب سے کمشنر ایس ای سی پی مظفر احمد مرزا نے ان ایم او یوز پر دستخط کیے۔اس سے پہلے ایس ای سی پی نے پی آر ایم آئی کے تحت پی ایس ای بی، ایس ٹی زیڈ اے، پی ای سی، پی ایس ڈبلیو، بی او آئی، پی ٹی اے، کے پی-بی او آئی ٹی، کے پی آر اے اور بی آر اے کے ساتھ ایم او یوز پر دستخط کیے تھے۔

(جاری ہے)

اس نئے انضمام کے ساتھ یہ تمام تنظیمیں اب ایس ای سی پی سے کمپنیوں کی معلومات تک ڈیجیٹل رسائی حاصل کر سکیں گی۔یہ اصلاح کارپوریٹ اداروں کے لیے کئی دستی اور بار بار کیے جانے والے کاموں کو ختم کر کے، کاغذی کارروائی کو کم کر کے اور ان اداروں سے خدمات تک تیز رفتار رسائی فراہم کر کے کاروبار کو بہت آسان بنائے گی۔یہ انضمام ایس ای سی پی کے "فرام پیپر ٹو پلیٹ فارم -100 فیصد آن لائن" کے وژن کی عکاسی کرتا ہے۔

ایس ای سی پی تعمیلی ضروریات کو آسان بنانے اور کاروباری اداروں کو بغیر کسی رکاوٹ کے ڈیجیٹل حل فراہم کر کے ترقی پر توجہ دینے کے قابل بنانے کے لیے پرعزم ہے۔یہ اقدام پاکستان میں کاروبار کرنے میں آسانی کو بڑھانے کی جانب ایک اہم قدم ہے اور یہ حکومت کے ڈیجیٹل اور سرمایہ کار دوست پاکستان کی تعمیر کے ایجنڈے کے عین مطابق ہے۔