مالی سال کے پہلے مہینہ میں برآمدات میں سالانہ بنیادوں پر 16.4 فیصد،درآمدات میں 23.1 فیصد کی نمو

جمعرات 21 اگست 2025 21:50

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 اگست2025ء) جولائی میں ملکی برآمدات میں سالانہ بنیادوں پر16.4 فیصد اوردرآمدات میں 23.1 فیصدکی نموہوئی۔ادارہ شماریات پاکستان کے اعدادوشمارکے مطابق جولائی 2025میں تجارتی خسارہ کاحجم 3.180ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا جوگزشتہ سال جولائی کے 2.457ارب ڈالر کے مقابلہ میں 29.4 فیصدزیادہ ہے،جون کے مقابلہ میں جولائی میں تجارتی خسارہ میں ماہانہ بنیادوں پر10.6 فیصد اضافہ ہوا۔

(جاری ہے)

اعدادوشمارکے مطابق مالی سال کے پہلے مہینہ میں ملکی برآمدات کاحجم 2.686ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا جوگزشتہ سال جولائی کے 2.307ارب ڈالرکے مقابلہ میں 16.4 فیصد زیادہ ہے۔جون کے مقابلہ میں جولائی میں ملکی برآمدات میں ماہانہ بنیادوں پر8.4 فیصدکی نمو ریکارڈ کی گئی ہے۔اعدادوشمارکے مطابق جولائی میں پاکستان کا درآمدی بل 5.866 ارب ڈالر رہا جو گزشتہ سال جولائی کے 4.764 ارب ڈالر کے مقابلہ میں 23.1 فیصد زیادہ ہے۔