کراچی میں اہم شاہراہوں کے بعد لنک روڈز اور گلی محلوں سے نکاسی آب کا کام تیزکردیا گیا ہے ، وزیر بلدیات سعید غنی

جمعرات 21 اگست 2025 22:00

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 اگست2025ء) وزیر بلدیات سندھ سعید غنی نے کہا ہے کہ کراچی میں حالیہ بارشوں کے بعد اب تک شہر کی صورتحال مکمل کنٹرول میں ہے اور کسی بھی اہم شاہراہ پر پانی جمع ہونے کی کوئی شکایت نہیں ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کے روز وزیر ثقافت سندھ سید ذوالفقار علی شاہ کے ہمراہ کراچی کے مختلف ٹائونز اور علاقوں کے دورے کے دوران کیا۔

انہوں نے کہا کہ اس وقت بارشوں کا سلسلہ جاری ہے لیکن تمام بلدیاتی ملازمین، سول ایڈمنسٹریشن، منتخب نمائندے اور صوبائی وزرا ء بھی شہر میں موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اہم شاہراہوں کے بعد اب لنک روڈز اور گلی محلوں سے بھی پانی کے نکاسی کا کام تیزی سے شروع کردیا گیا ہے، شہریوں سے گزارش ہے کہ بارشوں کے دوران غیر ضروری طور پر گھروں سے نکلنے سے گریز کریں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ آج بھی ہم نے شہر کے مختلف ٹائونز کا دورہ کیا ہے اور بارشوں کے بعد نکاسی آب کے کاموں کا جائزہ لیا ہے۔ صدر ٹائون میں آئی آئی چندریگر روڈ، ایم اے جناح روڈ، کھارادر سمیت لیاری کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا وہاں صورتحال بہت بہتر ہے۔ سعید غنی نے کہا کہ وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی خصوصی ہدایات پرکابینہ کے مختلف وزرا ء جن کی ڈیوٹیاں لگائی گئی ہیں وہ تمام اس وقت شہر میں موجود ہیں۔

اس موقع پر وزیر اعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی عثمان ہنگورو، پیپلز پارٹی ڈسٹرکٹ سائوتھ کے صدر جاوید ناگوری، ڈسٹرکٹ ایسٹ کے صدر اقبال ساندھ، ٹائون چیئرمین لیاری ناصر کریم، ٹائون چیئرمین صفورا ٹائون راشد خاصخیلی، ٹائون چیئرمین سہراب گوٹھ لالہ عبدالرحیم، ڈپٹی کمشنر سائوتھ جاوید نبی کھوسو، ایسٹ ابرار جعفر، متعلقہ ٹائونز کے میونسپل کمشنرز و دیگر افسران بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔