سپورٹس بورڈ کا گھر کے 2 افراد بنکاک لیجانے پر سیکرٹری پاکستان باڈی بلڈنگ فیڈریشن کو شوکاز نوٹس

فیڈریشن کے سیکرٹری سہیل انور بطور ہیڈ کوچ اور منیجر بن کرگئے جبکہ ان کی اہلیہ باڈی بلڈنگ چیمپئن شپ کی بطور جج اور بیٹی ٹیسٹ جج کے طور پر بنکاک گئیں تھیں

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعہ 22 اگست 2025 11:42

سپورٹس بورڈ کا گھر کے 2 افراد بنکاک لیجانے پر سیکرٹری پاکستان باڈی بلڈنگ ..
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 22 اگست 2025ء ) ایشین باڈی بلڈنگ چیمپئن شپ میں اہلیہ اور بیٹی ساتھ لے جانے پر پاکستان سپورٹس بورڈ نے پاکستان باڈی بلڈنگ فیڈریشن کے سیکرٹری سے وضاحت طلب کرلی۔ 57ویں ایشین باڈی بلڈنگ چیمپئن شپ بنکاک میں ہوئی جس میں پاکستان باڈی بلڈنگ ٹیم نے بھی شرکت کی۔
ٹیم کے ہمراہ 4 آفیشلز گئے جس میں سے 3 کا تعلق ایک ہی گھر سے تھا۔

 
فیڈریشن کے سیکرٹری سہیل انور بطور ہیڈکوچ اور منیجر بن کرگئے جب کہ ان کی اہلیہ باڈی بلڈنگ چیمپئن شپ کی بطور جج اور بیٹی ٹیسٹ جج کے طور پر بنکاک گئیں۔ 
پاکستان سپورٹس بورڈ نے فیڈریشن کے سیکرٹری سہیل انورکو نوٹس جاری کرتے ہوئے اس کی وضاحت طلب کی ہے اور سہیل انور کو تین روز میں جواب جمع کرانے کی ہدایت کی ہے۔

(جاری ہے)

 

دوسری جانب سہیل انور نے جیو نیوز سے گفتگو میں کہا کہ ان کی اہلیہ پاکستان کی واحد لائسنس یافتہ باڈی بلڈنگ کی جج ہیں اور بیٹی کو وہ ٹیسٹ جج کے طور پر لےکرگئے، سب اپنے اخراجات پر بنکاک گئے تھے، پاکستان اسپورٹس بورڈ نے ایشین چیمپئن شپ کے لیےکوئی فنڈ نہیں دیا تھا۔

 
انہوں نے بتایا کہ ورلڈ باڈی بلڈنگ ایک خط میں ویمنز جج کی تقریری پر زور دے چکی ہے اس وجہ سے ویمنز ججز کو لے کر جانا ضروری تھا تاکہ ویمنز ججز میں پاکستان کی نمائندگی ہوسکے۔