وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین نے نیشنل یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی (نیوٹیک) کا دورہ کیا اور فنی و پیشہ ورانہ تربیتی پروگراموں کا جائزہ

Umer Jamshaid عمر جمشید جمعہ 22 اگست 2025 11:49

وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین نے نیشنل یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی (نیوٹیک) ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 22 اگست2025ء) وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین نے نیشنل یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی (نیوٹیک) کا دورہ کیا اور فنی و پیشہ ورانہ تربیتی پروگراموں کا جائزہ. انہوں نے کہا کہ نوجوان پاکستان کا مستقبل ہیں، انہیں جدید ہنر سکھا کر بااختیار بنانا ہے تاکہ وہ ملکی ترقی میں مؤثر کردار ادا کریں۔ چوہدری سالک حسین نے ہنرمندی کے فروغ اور پروگراموں کی پائیداری کے لیے شراکت داری کی اہمیت پر زور دیا اور کہا کہ حکومت نوجوانوں کو عالمی معیار کی مہارتیں دینے کے لیے پرعزم ہے تاکہ وہ مقابلے کی جاب مارکیٹ میں کامیابی حاصل کرسکیں۔


وفاقی وزیر کو نیوٹیک کے نئے کیمپس کا بھی دورہ کروایا گیا جہاں انہیں جدید سہولیات، بین الاقوامی معیار کی لیبارٹریز اور ہائی ٹیک تعلیمی ماحول کے بارے میں آگاہ کیا گیا۔

(جاری ہے)

نئے کیمپس کے قیام سے نوجوانوں کو نہ صرف عالمی معیار کی تعلیم اور تحقیق کے مواقع میسر آئیں گے بلکہ مقامی اور بین الاقوامی انڈسٹری کے لیے ہنر مند افرادی قوت تیار ہوگی جو ملکی معیشت کے استحکام اور ترقی میں مددگار ثابت ہوگی۔

اس موقع پر جنرل معظم اعجاز نے کہا کہ نیوٹیک پاکستان کی پہلی یونیورسٹی فار انڈسٹری ہے جو تحقیق، جدت اور ہنر پر مبنی تعلیم کے ذریعے نوجوانوں کو عالمی تقاضوں کے مطابق تیار کر رہی ہے اور ملکی و بین الاقوامی سطح پر اپنی پہچان بنا رہی ہے۔ وفاقی وزیر نے نیوٹیک کی قیادت کو سراہا اور کہا کہ ان کی کاوشیں نوجوانوں کو بااختیار بنانے اور پاکستان کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے میں سنگ میل ثابت ہوں گی۔