نیتن یاہو کی اسرائیلی یرغمالیوں کو رہا کرانے کے لیے فوری مذاکرات شروع کرنے کی ہدایت

حماس کسی معاہدے پر راضی بھی ہو جائے تو بھی اسرائیلی فوج غزہ پر قبضہ کرے گی.اسرائیلی وزیراعظم کا بیان اور انٹرویو

Mian Nadeem میاں محمد ندیم جمعہ 22 اگست 2025 14:23

نیتن یاہو کی اسرائیلی یرغمالیوں کو رہا کرانے کے لیے فوری مذاکرات شروع ..
تل ابیب(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔22 اگست ۔2025 )اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو نے کہاہے کہ انہوں نے غزہ کی پٹی میں باقی رہ جانے والے اسرائیلی یرغمالیوں کو رہا کرانے کے لیے فوری طور پر مذاکرات شروع کرنے کی ہدایت جاری کردی ہے نیتن یاہو غزہ شہر پر قبضے کے منصوبے کی تصدیق کے لیے غزہ کا دورہ کیا جہاں سے انہوں نے تمام یرغمالیوں کی رہائی کے لیے مذاکرات دوبارہ شروع کرنے کا حکم دیا.

(جاری ہے)

عرب نشریاتی ادارے کے مطابق غزہ ڈویژن کے ہیڈ کوارٹر کے دورے کے دوران ایک ویڈیو بیان میں وزیراعظم نے کہا کہ میں یہاں غزہ شہر پر قبضہ کرنے اور حماس کو شکست دینے کے لیے دفاعی فوج کے منصوبوں کی منظوری کے لیے آیا ہوں اسی کے ساتھ میں نے فوری طور پر ہمارے تمام یرغمالیوں کی رہائی اور جنگ کو اسرائیل کے لیے قابل قبول شرائط پر ختم کرنے کے لیے مذاکرات شروع کرنے کی ہدایت بھی دی ہے.

اس سے قبل اسرائیلی وزیراعظم نے ”سکائی نیوز“ کے ساتھ انٹرویو میں کہا کہ اگر حماس کسی معاہدے پر راضی بھی ہو جائے تو بھی اسرائیلی فوج غزہ پر قبضہ کرے گی نیتن یاہو نے کہا کہ ہم ایسا بہرحال کریں گے اس میں کوئی شک نہیں کہ حماس غزہ میں نہیں رہے گی ہم جنگ کے اختتام کے قریب ہیں یہ ایک ایسی جنگ ہے جو سات محاذوں پر لڑی جا رہی ہے جس میں ایران اور اس کے اتحادی شامل ہیں.

اسرائیلی وزیراعظم نے کہا کہ اگر حماس اپنے ہتھیار ڈال دے اور یرغمالیوں کو واپس کر دے تو غزہ میں جنگ آج ہی ختم ہو سکتی ہے نیتن یاہو نے غزہ پر پہلے سے طے شدہ منصوبے سے زیادہ تیزی سے قبضہ کرنے کا حکم دیا تھا نیتن یاہو کے دفتر نے دوروزقبل بیان میں کہا تھا کہ آخری ٹھکانوں پر قبضہ کرنے اور حماس کو شکست دینے کی ٹائم لائن کو مختصر کیا جانا چاہیے اسرائیلی فوج کے ترجمان ایفی ڈیفرین نے اعلان کیا ہے کہ اسرائیلی افواج نے پہلے ہی غزہ سٹی کے مضافات پر قبضہ کر لیا ہے لیکن یہ ابھی تک واضح نہیں ہے کہ مکمل زمینی حملہ کب شروع ہو گا.

اسرائیلی وزیر دفاع یسرائیل کاٹز نے اس سے قبل غزہ شہر پر قبضہ کرنے کے لیے تقریباً ساٹھ ہزار اضافی ریزرو فوجیوں کو بلانے کی منظوری دی تھی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ غزہ کی پٹی کے سب سے بڑے شہر کے باشندوں کو اکتوبر کے شروع تک محصور علاقے کے وسط میں واقع پناہ گزین کیمپوں میں منتقل کیے جانے کا منصوبہ ہے. اسرائیلی فوج کی ترجمان نے کہا ہے کہ فوج نے غزہ کی پٹی کے شمال میں طبی اداروں اور بین الاقوامی تنظیموں کے ساتھ انتباہی رابطے شروع کر دیے ہیں تاکہ غزہ شہر کے باشندوں کو جنوب کی طرف منتقل کرنے کی تیاری کی جا سکے گزشتہ روز غزہ شہر اور اس کے آس پاس کے علاقوں پر شدید اسرائیلی حملے کیے گئے یہ حملے اسرائیلی فوج کے شہر پر قبضے کے لیے ابتدائی کارروائیاں شروع کرنے کے اعلان کے ایک دن بعد کیے گئے.

غزہ سٹی پر قبضہ کرنے کے اسرائیل کے منصوبے کو علاقائی اور بین الاقوامی سطح پر تنقید کا نشانہ بنایا گیا ہے کیونکہ اس سے غزہ کی پٹی کے باشندوں کو درپیش انسانی بحران مزید بگڑ جائے گا بین الاقوامی تنظیموں نے خبردار کیا ہے کہ انہیں قحط اور نقل مکانی کی لہروں کا خطرہ ہے.