امریکہ میں 5 کروڑ سے زائد غیر ملکیوں کی ویزا خلاف ورزیوں کی جانچ پڑتال شروع

خلاف ورزی کرنیوالوں کا ویزہ منسوخ کر دیا جائے گا، اگر وہ پہلے سے امریکہ میں موجود ہے تو اسے ملک بدری کا سامنا کرنا پڑے گا، امریکی انتظامیہ

Faizan Hashmi فیضان ہاشمی جمعہ 22 اگست 2025 13:09

امریکہ میں 5 کروڑ سے زائد غیر ملکیوں کی ویزا خلاف ورزیوں کی جانچ پڑتال ..
واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 22 اگست2025ء) امریکہ میں 5 کروڑ سے زائد غیر ملکیوں کی ویزا خلاف ورزیوں کی جانچ پڑتال شروع کر دی گئی۔ اس حوالے امریکی محکمۂ خارجہ کا کہنا ہے کہ مسلسل جانچ پڑتال اُن تمام 5 کروڑ 50 لاکھ سے زائد غیر ملکیوں پر لاگو ہوتی ہے جو اس وقت درست امریکی ویزہ رکھتے ہیں، اس میں وہ افراد بھی شامل ہیں جنہیں ملک میں داخلے کی اجازت پہلے ہی دی جا چکی ہے۔

عہدیدار نے مزید کہا کہ محکمۂ خارجہ کسی بھی وقت ویزہ منسوخ کر دیتا ہے جب کسی ممکنہ نااہلی کے شواہد سامنے آئیں، جن میں قیام کی مدت سے زیادہ رہنا، مجرمانہ سرگرمیاں، عوامی تحفظ کو لاحق خطرات، دہشت گردی کی کسی بھی سرگرمی میں ملوث ہونا یا دہشت گرد تنظیم کی حمایت شامل ہیں۔ امریکی خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس کو دیے گئے ایک تحریری بیان میں عہدیدار نے کہا کہ اگر کسی ویزہ ہولڈر میں یہ اشارے خلاف ورزی یا نااہلی کے ثبوت پائے جائیں تو اس کا ویزہ منسوخ کر دیا جائے گا اور اگر وہ پہلے سے امریکہ میں موجود ہے تو اسے ملک بدری کا سامنا کرنا پڑے گا۔

(جاری ہے)

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے غیر قانونی تارکین وطن کے خلاف کریک ڈاؤن کو اپنی صدارت کا مرکزی نکتہ بنایا ہے، سرحدی تحفظ کے لیے وسائل بڑھائے گئے ہیں اور غیر قانونی طور پر ملک میں مقیم افراد کو گرفتار کیا جا رہا ہے۔ اس ماہ کے اوائل میں امریکی حکومت نے اعلان کیا تھا کہ ایک پائلٹ پروگرام کے تحت بعض سیاحتی اور کاروباری ویزوں پر 15 ہزار ڈالر تک کے بانڈز جمع کرائے جا سکتے ہیں تاکہ اُن افراد پر قابو پایا جا سکے جو اپنے ویزے کی مدت سے زیادہ قیام کرتے ہیں۔

وفاقی رجسٹر کے نوٹس کے مطابق، یہ پروگرام امریکی قونصلر افسران کو یہ اختیار دیتا ہے کہ وہ اُن ممالک کے شہریوں پر بانڈ لگائیں جہاں ویزہ کی خلاف ورزی کی شرح زیادہ ہے، یا جہاں ویزہ اسکریننگ اور جانچ پڑتال کا نظام ناکافی سمجھا جاتا ہے۔ جولائی میں امریکی نشریاتی ادارے سی این این نے رپورٹ کیا تھا کہ امریکہ جلد ہی بین الاقوامی مسافروں سے کم از کم 250 ڈالر کا "ویزا انٹیگریٹی فیس" لینے کی پالیسی نافذ کرے گا، جو موجودہ ویزہ درخواست کے اخراجات کے علاوہ ہوگی۔

ٹرمپ انتظامیہ کے گھریلو پالیسی بل میں شامل اس شق کے مطابق، یہ فیس ویزہ کے اجرا کے وقت ادا کرنا لازمی ہوگی، اس پر کوئی رعایت نہیں دی جائے گی، البتہ جو مسافر اپنے ویزہ کے قوانین کی پاسداری کریں گے انہیں واپسی پر یہ فیس واپس کر دی جائے گی۔ جون میں، امریکہ کے کراچی اور لاہور میں قائم قونصل خانوں نے تمام F, M یا J نان امیگرنٹ ویزا کے درخواست گزاروں سے کہا کہ وہ اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس عوامی (Public) کریں تاکہ ان کی جانچ پڑتال کی جا سکے۔