ڈیرہ اسماعیل خان میںپولیس مقابلہ ، 22مقدمات میں مطلوب بدنام زمانہ ڈاکو مارا گیا

جمعہ 22 اگست 2025 13:25

ڈیرہ اسماعیل خان(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 اگست2025ء)ڈیرہ اسماعیل خان میں پولیس مقابلے کے دوران فائرنگ سے ایک ڈاکو ہلاک ہوگیا۔رپورٹ کے مطابق سفیدا مائنز کے قریب ڈاکوؤں کی موجودگی کی اطلاع پر پروآ سرکل پولیس نے فوری ایکشن لیا۔ کارروائی کے دوران پولیس اور ڈاکوؤں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس میں ڈاکوؤں نے پولیس موبائل کو نشانہ بنایا۔

(جاری ہے)

پولیس کی جوابی فائرنگ سے ایک ڈکیت ہلاک ہوگیا، جس کی شناخت بلال عرف بلا ولد اقبال سکنہ لنڈہ پاڑا کے نام سے ہوئی۔ پولیس نے موقع سے کلاشنکوف بمعہ ایمونیشن اور ایک موٹرسائیکل بھی برآمد کرلی۔ڈی پی او ڈیرہ کے مطابق ہلاک ملزم بدنام زمانہ عمری گروپ کا کمانڈر تھا اور پولیس پر حملوں، ڈکیتی، چوری اور اقدام قتل سمیت 22مقدمات میں مطلوب تھا۔ڈی پی او ڈیرہ نے ڈی ایس پی پروآ، ایس ایچ او پروآ اور پوری پولیس ٹیم کو بروقت کارروائی پر شاباش دی۔