پشاور جنرل ہسپتال علاج معالجہ کے ساتھ متاثرہ خاندانوں کی مالی امداد بھی کر رہا ہے، ڈاکٹر ملک جاوید اقبال

جمعہ 22 اگست 2025 19:26

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 اگست2025ء) پشاور جنرل ہسپتال کی جانب سے سیلاب متاثرین کی امداد کے لیے 10 لاکھ روپے مالیت کا امدادی چیک سی ای او پروفیسر ڈاکٹر ملک جاوید اقبال نے صدر الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان پروفیسر ڈاکٹر حفیظ الرحمٰن کے حوالے کر دیا۔تر جمان ہسپتال کے مطابق اس موقع پر ڈائریکٹر ہسپتال پروفیسر ڈاکٹر خورشید احمد اور دیگر سینئر ڈاکٹرز بھی موجود تھے،ترجمان ہسپتال رومیسا احمد کے مطابق پشاور جنرل ہسپتال نے اپنی کارپوریٹ سوشل ریسپانسبلٹی (سی ایس آر) کے تحت پشاورحالیہ سیلاب متاثرین کی فوری امداد کے لیے الخدمت فاؤنڈیشن کو ایک ملین کا چیک حوالے کر دیا۔

اس حوالے سے پشاور جنرل ہسپتال کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈاکٹر ملک جاوید اقبال نے کہاکہ ہسپتال علاج معالجے کے ساتھ دکھی انسانیت کی خدمت کو بھی ہمیشہ مقدم رکھتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ یہ اقدام اس بات کی علامت ہے کہ پشاور جنرل ہسپتال مشکل وقت میں قوم کے ساتھ کھڑا ہے ہسپتال کے چیف ایگزیکٹیو نے کہا کہ سیلاب متاثرین کی ہر ممکن مدد کی جائے گی۔اس موقع پر الخدمت فاؤنڈیشن کے صدر ڈاکٹر حافظ الرحمن نےپشاور جنرل ہسپتال کی انتظامیہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ عطیہ متاثرہ خاندانوں کی فوری ضروریات پوری کرنے میں اہم کردار ادا کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ مالی معاونت کے ذریعے خوراک، صاف پانی، ادویات اور دیگر بنیادی اشیاء تیزی سے متاثرین تک پہنچائی جا سکتی ہیں ۔