Live Updates

ایبٹ آباد میں سیلاب متاثرین کی امداد کیلئے ریلیف کیمپ دوسرے روز بھی جاری رہا

جمعہ 22 اگست 2025 22:58

ایبٹ آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 اگست2025ء) ایبٹ آباد میں ضلعی انتظامیہ ،ایبٹ آباد پریس کلب،آل ٹریڈر فیڈریشن اور ضلعی پولیس کے زیر اہتمام سیلاب متاثرین کیلئے مشترکہ ریلیف کیمپ دوسرے روز بھی جاری رہا۔شہر کے مخیر افراد،پراونشل ڈاکٹرز ایسوسی ایشن کے عہدیداران ،محکمہ صحت کے افسران ،تاجروں سمیت مختلف شعبہ کے افراد نے بھی کیمپ کا دورہ کیا۔

کیمپ میں تاجروں اور صحافیوں نے شہریوں ،خواتین اور راہگیروں سے متاثرین کے لئے امدادجمع کی۔دوسرے روز بھی لگائے گئے مشترکہ کیمپ میں نقدی،ادویات سمیت دیگر اشیاء جمع ہوئیں ۔صدر پریس کلب سردار نوید عالم ،صدر آل ٹریڈرز فیڈریشن سردار شاہنواز جنرل سیکرٹری سجاد خان اور دیگر نے بتایا کہ صوبہ میں بادل پھٹنے سے جو تباہ کاریاں ہوئی ہیں ان متاثرین کی مدد کرنا ہم سب کا فرض ہے، ایبٹ آباد کے باشعور شہری ،تاجر اور مخیر افراد اس میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہے ہیں۔

(جاری ہے)

امدادی کیمپ تیسرے روز بھی لگایا جائے گا اور شہر کے مختلف بازاروں کا دورہ کرکے بھی امدادجمع کی جائے گی اور ضرورتمندوں تک مکمل ذمہ داری سے امدادی رقوم اور اشیاء،ادویات کو پہنچایا جائے گا ۔کیمپ منتظمین نے ایبٹ آباد کے مخیر افراد سے اپیل کی ہے وہ اس کارخیر میں خلوص نیت سے بڑھ چڑھ کر حصہ لیں۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات

متعلقہ عنوان :