قوم 9 مئی کے ماسٹر مائنڈ اور سہولتکاروں کا مکمل احتساب چاہتی ہے

9 مئی ایک ناکام بغاوت تھی، اس کے کردار کسی رعایت کے مستحق نہیں، نومئی کے حملوں نے عالمی سطح پر پاکستان کو شرمندگی سے دوچار کیا۔ وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعہ 22 اگست 2025 19:08

قوم 9 مئی کے ماسٹر مائنڈ اور سہولتکاروں کا مکمل احتساب چاہتی ہے
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 22 اگست 2025ء) وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب عظمیٰ بخاری نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ 9 مئی کو ہونے والی ریاست دشمن کارروائی ایک منظم اور ناکام بغاوت تھی، جس کے تمام شواہد قوم کے سامنے آ چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس سازش میں ملوث عناصر اب سیاسی لبادہ اوڑھ کر خود کو نہیں چھپا سکتے۔ عظمیٰ بخاری نے سوال اٹھایا کہ سیاست کی آڑ میں ریاستی اداروں پر حملہ کرنے اور شہداء کے مجسمے جلا کر کون سی قوم کی خدمت کی گئی؟ 9 مئی کے حملوں نے عالمی سطح پر پاکستان کو شرمندگی سے دوچار کیا۔

انہوں نے کہا کہ اب یہ ممکن نہیں کہ ریاست دشمنی کو انتقامی سیاست کا نام دے کر خود کو مظلوم ظاہر کیا جائے۔ قوم 9 مئی کے ماسٹر مائنڈز اور سہولت کاروں کا کڑا اور مکمل احتساب چاہتی ہے۔

(جاری ہے)

وزیر اطلاعات پنجاب کا کہنا تھا کہ مقبولیت تو فرعون اور شیطان کی بھی تھی، مگر وہ فرشتے نہیں بن سکتے۔ 9 مئی کے مرکزی کرداروں کی تمام چالیں اور تحاریک ناکام ہو چکی ہیں، اب وقت ہے کہ وہ اپنے گناہوں کا حساب دیں۔

انہوں نے واضح کیا کہ حکومت اور ادارے ریاست کے خلاف ہر سازش کو ناکام بنانے کے لیے پرعزم ہیں، اور قانون کے مطابق ہر کردار کو اس کے انجام تک پہنچایا جائے گا۔ 
دوسری جانب چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے علیمہ خان کے دوسرے بیٹے کی حراست پر اپنے ردِ عمل میں کہا ہے کہ جب ہم کوشش کر رہے ہیں کہ تناؤ ختم ہو تو گرفتاریاں شروع ہو جاتی ہیں۔

ٹیلی فون پر گفتگو کے دوران بیرسٹر گوہر نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کے فیملی ممبرز کو گرفتار کر کے سیاسی تناؤ پیدا کیا جا رہا ہے، گزشتہ روز علیمہ خان کے بیٹے شاہریز کو گرفتار کیا گیا اور آج دوسرے بیٹے کو بھی کر لیا گیا۔انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کو آئیسولیٹ کیا جا رہا ہے، اِنہیں اخبار نہیں دیے جا رہے، اِن حرکتوں سے عوام میں نفرت میں اضافہ ہو گا۔